شارجہ میں ٹیسٹ ڈرائیو کیلئے لی گئی لینڈ کروزر لے کر فرار ہونے والا شخص گرفتار

ملزم ایک اماراتی سے 2020ء ماڈل لینڈ کروزر خریدنے کے لیے ملا اور گاڑی کی ٹیسٹ ڈرائیو کی درخواست کی اور بیچنے والے کو 2 لاکھ 50 ہزار درہم کا جعلی چیک بطور ضمانت جاری کیا لیکن وہ واپس نہ آیا اور اپنا فون بھی بند کر دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 11 نومبر 2021 11:55

شارجہ میں ٹیسٹ ڈرائیو کیلئے لی گئی لینڈ کروزر لے کر فرار ہونے والا شخص گرفتار
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 نومبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں پولیس نے ٹیسٹ ڈرائیو کے دوران لینڈ کروزر چوری کرنے پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا ۔ اماراتی خبر رساں ادارے دی نیشنل کے مطابق شارجہ پولیس نے ایک شخص کو اس لینڈ کروزر کے ساتھ فرار ہونے پر گرفتار کیا ہے جو اس نے ٹیسٹ ڈرائیو پر لی ، جس کے لیے اس شخص نے خود کو گاہک ظاہر کیا جو ایک اماراتی شخص سے 2020ء ماڈل لینڈ کروزر خریدنے کے لیے ملتا ہے ، اس نے گاڑی کی ٹیسٹ ڈرائیو کرنے کی درخواست کی اور بیچنے والے کو 2 لاکھ 50 ہزار درہم کا جعلی چیک بطور ضمانت جاری کیا لیکن جب وہ 2 گھنٹے بعد واپس نہیں آیا اور اپنا فون بند کر دیا تو بیچنے والے نے پولیس میں شکایت درج کرائی ، پولیس نے کیس کی تفتیش کی اور پتہ چلا کہ 4 دیگر لوگوں نے اس شخص کی مدد کی تھی ۔

(جاری ہے)

شارجہ پولیس کے کرمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کرنل عمر احمد ابو الزود نے بتایا کہ فوری طور پر واقعے کی اطلاع دینے سے لینڈ کروزر کو ٹھکانے لگانے کے مشتبہ شخص کے منصوبے کو ناکام بنانے میں مدد ملی اور افسران کو ان کی جلد شناخت کرنے میں بھی مدد ملی ، ہماری تحقیقات سے پتا چلا کہ وہ راس الخیمہ کے ایک مخصوص مقام پر باقاعدگی سے ملتے تھے اور سب ہی مختلف عرب قومیتوں سے تعلق رکھتے تھے جس پر افسران نے راس الخیمہ پولیس کی مدد سے اسٹنگ آپریشن شروع کیا اور ان افراد کو گرفتار کیا ۔

کار برآمد کر لی گئی اور ان افراد کو استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا جب کہ اسٹنگ کے دوران متحدہ عرب امارات کے مختلف بینکوں کی جانب سے جاری کردہ متعدد چیک بکس اور مختلف تجارتی اداروں کے جعلی ڈاک ٹکٹ بھی ضبط کرلیے گئے ، کرنل ال زود نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ دھوکہ دہی کا شکار ہونے سے بچنے کے لیے کسی چیز کو بیچنے کی کوشش کرتے وقت ممکنہ خریداروں کے پس منظر کو ہمیشہ چیک کریں ۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں