شارجہ نے ٹریفک جرمانوں پر 50 فیصد رعایت دے دی

رعایت متحدہ عرب امارات کے 51 ویں قومی دن کی مناسبت سے 51 روز تک رہے گی

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 نومبر 2022 17:15

شارجہ نے ٹریفک جرمانوں پر 50 فیصد رعایت دے دی
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 نومبر 2022ء ) شارجہ نے یکم دسمبر سے پہلے ہونے والے ٹریفک جرمانوں پر 50 فیصد رعایت کا اعلان کردیا، یہ رعایت متحدہ عرب امارات کے 51 ویں قومی دن کے موقع پر 51 دنوں تک اگلے سال 20 جنوری تک جاری رہے گی۔ اماراتی میڈیا کے مطابق شارجہ پولیس میں ٹریفک اور گشت کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل محمد النقبی نے شارجہ ریڈیو کے ڈائریکٹ لائن شو (الخط المبشر) میں اس رعایت کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ سنگین جرائم کے علاوہ رعایت میں ڈرائیونگ لائسنس پر بلیک پوائنٹس کی منسوخی اور موٹر چلانے کے بعض جرائم کے لیے گاڑیوں کو ضبط کرنا بھی شامل ہوگا، اس فیصلے کی امارات کی ایگزیکٹو کونسل نے منظوری دی تھی۔

معلوم ہوا ہے کہ شارجہ میں یہ چھوٹ دیگر امارات میں پیش کیے جانے والے جرمانے میں اسی طرح کی کمی کے بعد ہے، اس ضمن میں عجمان پولیس نے کہا کہ اگر اگلے سال 6 جنوری سے پہلے ادا کیا جائے تو وہ جرمانے کو نصف تک کم کر دیا جائے گا، یہ صرف ٹریفک جرائم پر لاگو ہوتا ہے جو اس سال 11 نومبر سے پہلے ہوئے تھے، عجمان پولیس بلیک ٹریفک پوائنٹس کو بھی منسوخ کر دے گی اور گاڑیوں کو ضبط کرنے کا حکم دینے والے فیصلوں کو بھی مسترد کر دے گی، جرمانے جمع کرانے والے گاڑیاں چلانے والوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آفر سے فائدہ اٹھائیں۔

(جاری ہے)

عجمان پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل شیخ سلطان نے کہا کہ یہ فیصلہ لوگوں کی سماجی اور مالی حالتوں کو مدنظر رکھتا ہے، عجمان پولیس کے ٹریفک ڈیپارٹمنٹ میں کام کے اوقات میں کمی کی مدت کے دوران پیر سے جمعرات تک صبح 7.30 بجے سے رات 10.00 بجے تک توسیع کر دی گئی ہے۔ اسی طرح فجیرہ میں 26 نومبر سے پہلے جاری کیے گئے جرمانے 50 فیصد رعایت پر ادا کیے جا سکتے ہیں، جرمانے 26 نومبر کے 60 دنوں کے اندر ادا کیے جائیں اور اس رعایت کا اطلاق سنگین جرائم پر نہیں ہوگا جب کہ امارات کی فورس نے کہا کہ ام القوین میں اس سال 31 اکتوبر سے پہلے کیے جانے والے ٹریفک جرمانوں کو 1 دسمبر سے 6 جنوری کے درمیان ادا کرنے پر نصف تک کم کر دیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ کمی کے فیصلے سے خارج ہونے والی سنگین خلاف ورزیوں میں گاڑیاں اس طرح چلانا شامل ہیں جس سے جانوں کو خطرہ لاحق ہو، رفتار کی حد 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہو اور بغیر لائسنس کے ترمیم کرنا، ممنوع ہونے پر لاری ڈرائیوروں کی طرف سے اوور ٹیکنگ اور ریڈ لائٹ سگنل کی خلاف ورزی بھی رعایت سے مستثنیٰ ہے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں