شارجہ پولیس میں بھرتی کا اشتہار جعلی نکلا

خالی اسامیوں سے متعلق کوئی اشتہار جاری نہیں کیا۔ حکام کی وضاحت

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 13 جولائی 2023 14:58

شارجہ پولیس میں بھرتی کا اشتہار جعلی نکلا
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 جولائی 2023ء ) شارجہ پولیس نے ادارے میں بھرتی سے متعلق اشتہار کو جعلی قرار دیتے ہوئے رہائشیوں کو فراڈ سے متعلق خبردار کردیا، اشتہار میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عہدے تمام قومیتوں کے لوگوں کے لیے کھلے ہیں۔ گلف نیوز کے مطابق شارجہ پولیس نے جمعرات کو عوام کے سامنے اعلان کیا ہے کہ نوکری کی اسامیوں کے بارے میں شارجہ پولیس کی طرف سے دعویٰ کرنے والا ایک حالیہ اشتہار جعلی ہے۔

شارجہ پولیس نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ کسی بھی معلومات کے لیے ہمیشہ ان کے آفیشل کمیونیکیشن چینل، اس کی ویب سائٹ اور آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے رجوع کریں جب کہ پولیس نے عوام کو سوشل میڈیا پر جعلی پیغامات کو گردش کرنے کے خلاف بھی خبردار کیا کیوں کہ یہ قانون کے ذریعہ قابل سزا جرم ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح انسانی وسائل اور امارات کی وزارت نے بھی ایک الرٹ جاری کیا جس میں رہائشیوں کو ایک گھوٹالے کے پیغام سے خبردار کیا گیا ہے جس میں وزارت کا لوگو استعمال کیا جارہا ہے، جعلی دستاویز میں دیگر سرکاری اداروں کے لوگو بھی ہیں، اس کا عنوان "وزارت داخلہ کی طرف سے قانونی نوٹس" ظاہر کیا جارہا ہے، جس کے ذریعے صارفین سے بینک کی تفصیلات فراہم کرنے اور تصدیق کرنے کے لیے کہا جا رہا ہے، ورنہ اکاؤنٹ منجمد کر دیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ اسی طرح کا طریقہ کار پچھلے گھوٹالوں میں بھی کئی بار استعمال کیا جاچکا ہے، جس کے بارے میں رہائشیوں کو بار بار خبردار کیا گیا تھا کہ یہ ایک ایسا حربہ ہے جو دھوکہ باز لوگوں کے بینک کھاتوں تک رسائی حاصل کرنے اور ان کی جمع پونجی کو ہتھیانے کے لیے استعمال کرتے ہیں، اپنی ایڈوائزری میں وزارت نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس پیغام کو نظر انداز کریں اور گھوٹالے کی اطلاع دیں۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں