ابوظہبی میں تین روز بعد حدِ رفتار میں تبدیلی واقع ہو جائے گی

12 اگست 2018ء سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کی رعایت والے بفرز ہٹا لیے جائیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 9 اگست 2018 13:33

ابوظہبی میں تین روز بعد حدِ رفتار میں تبدیلی واقع ہو جائے گی
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 اگست 2018ء) 12 اگست 2018ء کے بعد سے ابو ظہبی کی سڑکوں پر گاڑیاں چلانے والے ڈرائیور حضرات کو خاصی احتیاط برتنا ہو گی۔ کیونکہ سپیڈ بفرز ہٹنے کے بعد اگر کوئی مقررہ حدِ رفتار سے ایک کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی آگے بڑھا تو اُسے جرمانے کا ٹکٹ تھما دیا جائے گا۔ ابوظہبی پولیس کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کی جانب سے گزشتہ ماہ اعلان کیا گیا تھا کہ 12 اگست کے بعد سے ابو ظہبی کی بیشتر سڑکوں پر حدِ رفتار بدل جائے گی اور ماضی میں دی جانے والی سپیڈ بفرز کی رعایت ختم ہو جائے گی۔

ابو ظہبی پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل محمد خلفان الرومیدی نے کہا کہ سڑکوں پر حد رفتار میں تبدیلی کا فیصلہ بہت سی سائنٹفک سٹدیز کو زیر غور رکھنے کے بعد کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر کچھ سڑکوں پر حدِ رفتار میں تبدیلی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

کافی عرصے سے دارالحکومت کی سڑکوں پر بفرز نصب ہیں جن کے باعث ڈرائیور حضرات کو مقرر کردہ حد رفتار سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تجاوز کرنے کی رعایت حاصل تھی تاہم اب اس رعایت کو ختم کر دیا گیا ہے۔

نئی حد رفتار کا مقصد سڑکوں پر حدِ رفتارکم کر کے حادثات میں کمی لانا ہے۔ تیز رفتاری کے باعث رُونما ہونے والے حادثات میں ہر سال سینکڑوں افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھتے ہیں اور متعدد عمر بھر کی معذوری کا شکار ہو بیٹھتے ہیں۔ ڈیپارٹمنٹ کا اولین مقصد انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنا ہے۔
ڈرائیور حضرات کو 12 اگست 2018ء کے بعد ڈرائیونگ کرتے ہوئے محتاط رہنا ہو گا‘ خصوصاً حدِ رفتار کی پابندی کو یقینی بنانا ہو گا۔

اگر 80 کلومیٹر حدرفتار والی سڑک پر کوئی 81 کلومیٹر کی رفتار کو بھی پہنچتا ہے تو اُسے جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جنوری 2018ء میں ابو ظہبی پولیس نے بتایا تھا کہ 2017ء میں ریاست میں ٹریفک ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر 46 لاکھ افراد کو جرمانے کے ٹکٹ تھمائے گئے۔ ان جرمانوں میں سے اکثریت کا تعلق تیز رفتاری سے تھا۔ مجموعی طور پر 38 لاکھ افراد کو حدِ رفتار سے تجاوز کرنے پر جرمانے ادا کرنے پڑے۔ جبکہ 2016ء میں حدِ رفتار کی خلاف ورزی پر عائد کیے گئے جرمانوں کی تعداد 37 لاکھ تھی۔ رواں سال کے دوران تیز رفتاری کی بناء پر عائد ہونے والے جرمانوں کی تفصیل سے پولیس نے آگاہ نہیں کیا۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں