جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے انتظامیہ اور عوام الناس کا باہمی تعاون اور رابطہ اشد ضروری ہے ، ایس ایچ او پولیس سٹیشن حضرو سجاد حیدر

منگل 16 اپریل 2024 20:08

حضرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) ایس ایچ او پولیس سٹیشن حضرو سجاد حیدر نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے انتظامیہ اور عوام الناس کا باہمی تعاون اور رابطہ اشد ضروری ہے ،اس سلسلہ میں چھچھ محافظ کمیٹی تحصیل حضرو کا کردار قابل ستائش ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چھچھ محافظ کمیٹی کے زیر اہتمام عید ملن پارٹی کے موقع پر چھچھ محافظ کمیٹی کے چئیرمین نصیر خان جدون ،جنرل سیکرٹری مولانا محمد مسعود اختر ضیاء اور سینئر عہدیداران نزاکت خان، عمران خان ،مولانا لیاقت شاہ،قاسم خان وردگ،طاہر پرویز،جاوید مجید خان،صاحبزادہ انیس احمد غفوری ،چوہدری عبدالودود،حاجی احسان خان،عمر خان،چوہدری عارف، ساجد محمود،عادل عارف ، اقبال خان، سکھراج مسیح اور دیگر عہدیداران سے کی جانب دی جانے والی عید ملن پارٹی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس کی ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ جرائم کے خاتمہ ، منشیات فروشوں کی سرکوبی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پیشہ ور عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے اور اس مقصد کے لئے پولیس سٹیشن حضرو کی کارکردگی عوام الناس کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھچھ محافظ کمیٹی ایک ایسا عمدہ پلیٹ فارم ہے جو عوام الناس کے اجتماعی عوامی معاملات میں مشترکہ اور ٹھوس لائحہ عمل سامنے لانے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے کیونکہ مقامی انتظامیہ اور عوام کے مسائل کا ادراک رکھتے ہوئے ان مسائل کے مؤثر حل کے لئے اقدامات اٹھانا ایک مثبت اورقابل فخر عمل ہے اور اس سلسلہ میں چھچھ محافظ کمیٹی کا کردار قابل قدر اورقابل ستائش ہے۔

اس موقع پر چھچھ محافظ کمیٹی کے چیئرمین نصیر خان جدون ،جنرل سیکرٹری مولانا محمد مسعود اختر ضیاء ،نزاکت خان اور دیگر نے ایس ایچ او سجاد حیدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چھچھ محافظ کمیٹی کی جانب سے ایس ایچ حضرو کے ساتھ شہر سمیت علاقہ بھر میں امن و امان کی صورت حال کی بہتری کے بارے میں باہمی تبادلہ خیال کیا اور امن عامہ کے قیام کے لئے ایس ایچ او حضرو کو چند اہم تجاویز پیش کیں جس میں علاقہ چھچھ میں کے پی کے سمیت دیگر اضلاع سے آ کر عارضی طور پر آباد ہونے والے افراد،کرایہ داروں کے ڈیٹا انٹری سمیت،شہر بھر میں پولیس کے مؤثر گشت اور امن و امان کی صورت حال میں مقامی انتظامیہ اور عوام الناس کے کردار کے حوالے سے آگاہی مہم کے لئے باہمی میٹنگز کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔

ایس ایچ او سجاد حیدر نے بھی چھچھ محافظ کمیٹی کے اراکین اور عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔اس موقع پر چھچھ محافظ کمیٹی کے دفتر آمد کے موقع پر سی ایم سی کے عہدیداران کی جانب سے ایس ایچ او سجاد حیدر کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔\378

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں