نواز شریف نے جنوبی پنجاب کی بہت خدمت کی ہے، شہباز شریف

عوام نواز شریف کو دوبارہ وزیراعظم بنائیں اگر انہوں نے ملک کی حالات نہ بدلی تو آ پ میرا نام بدل دینا، صدر ن لیگ کا احمد پور شرقیہ میں عوامی اجتماع سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 23 جنوری 2024 17:07

احمد پور شرقیہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جنوری2024 ء) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف نے جنوبی پنجاب کی بہت خدمت کی ہے، عوام نواز شریف کو دوبارہ وزیراعظم بنائیں اگر انہوں نے ملک کی حالات نہ بدلی تو آ پ میرا نام بدل دینا۔ احمد پور شرقیہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ نواز شریف نے جنوبی پنجاب کو موٹر وے کا تحفہ دیا ہے۔

اس سے پہلے جنوبی پنجاب کا کیا حال تھا آپ جانتے ہی ہیں۔آپ کو معلوم ہے پاکستان مسلم لیگ ن نے 2008 سے 2018 تک جنوبی پنجاب کی خدمت کی ۔نواز شریف نے ملک کو موٹر وے دیا، سڑکیں بنائی ہیں،سیلاب سے فصلیں تباہ ہوئیں میں نے ملک کے گاوں گاوں جا کر ہر چیز بحال کی۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ ’ڈاکٹروں کو پرائیویٹ جہاز سے بہالپوربھیجوں گا تاکہ آپریشن کرکے شام کو لاہور واپس آجائیں‘۔

(جاری ہے)

زندگی رہی تو احمد پور شرقیہ کو ضلع بناوں گا، جنوبی پنجاب کے ہر ضلع میں دانش اسکول بناوں گا۔ہرمشکل میں جنوبی پنجاب کے لوگوں کےساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کوئی بڑی بات کرنے نہیں آیا ہوں کیونکہ عوام کو سب معلوم ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب والوں کی سوچ بہت اچھی ہے وہ عوامی خدمت کو کبھی بھول نہیں سکتے ۔ جنوبی پنجاب کے ہر ضلع میں دانش اسکول بنائیں گے۔

میں آج جنوبی پنجاب آپ کا غلام بن کر آیا ہوں، ہم ہر مشکل وقت میں جنوبی پنجاب کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔ نوازشریف نے بہاولپور کی پہلی یونیورسٹی بنوائی، جنوبی پنجاب کے اسکولوں میں بچوں کو وظیفہ وقف کیا، میں صوبے کا خادم اعلیٰ تھا رجب طیب اردوان اسپتال بنوایا، جنوبی پنجاب کے ہر ضلع میں دانش اسکول بنائیں گے، احمد پور شرقیہ کو ضلع کا درجہ دلواوں گا۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں