عدالت کے فیصلے نے نواز شریف کو ملزم ثابت کردیا ، اب زرداری کی کرپشن بھی بے نقاب کریں گے،نواز شریف وزیر اعظم نہیں ملزم اعظم ہیں،عدالت نے جماعت اسلامی کے مؤقف کی تائید کی ، یہ جماعت اسلامی کی فتح ہے کہ آج کرپشن کے چیمپئن زرداری بھی کرپشن کیخلاف بات کررہے ہیں،کرپشن میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرکے جیلوں میں ڈالیں گے، شناختی کارڈ بلاک کرکے پشتونوں سے پاکستان کی شناخت چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے

امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان کا شمولیتی جلسے سے خطاب

جمعہ 28 اپریل 2017 23:33

بٹ خیلہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اپریل2017ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ عدالت کے فیصلے نے نواز شریف کو ملزم ثابت کردیا ہے اب زرداری کی باری ہے، زرداری کی کرپشن بھی بے نقاب کریں گے،عدالت نے بھی تسلیم کرلیا کہ نواز شریف وزیر اعظم نہیں ملزم اعظم ہیں، وہ پرائم منسٹر نہیں کرائم منسٹر ہیں،عدالت نے جماعت اسلامی کے مؤقف کی تائید کی ہے ، یہ جماعت اسلامی کی فتح ہے کہ آج کرپشن کے چیمپئن زرداری بھی کرپشن کے خلاف بات کررہے ہیں،سراج الحق نے پاکستان کے بچے بچے کو حکمرانوں کی کرپشن سے آگاہ کیا، کرپشن میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرکے جیلوں میں ڈالیں گے اور پاکستان کو دیانتدار قیادت دیں گے، نادرا پشتون دشمن ادارہ ہے۔

پشتونوں کے شناختی کارڈ بلاوجہ بلاک کئے گئے ہیں، شناختی کارڈ بلاک کرکے پشتونوں سے پاکستان کی شناخت چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے،سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے، منصوبے میں ملاکنڈ ڈویژن کو حصہ دیا جائے۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو ظفر پارک بٹ خیلہ میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا 4500 میگاواٹ بجلی پیدا کررہا ہے، اگر صوبے کو جائز حصہ ملے تو ایک منٹ کی لوڈ شیڈنگ بھی نہ ہو، خیبر پختونخوا میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، نواز شریف حکومت خیبر پختونخوا کے ساتھ ظلم کررہی ہے۔

وفاق صوبے کو بجلی کا منافع نہیں دے رہا۔ بجلی لوڈ شیڈنگ ، مہنگائی کے خلاف اور صوبائی حقوق کے لئے احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق نے فاٹا کے عوام غلام بنایا ہوا ہے،قبائلی عوام ستر سال سے حقوق سے محروم ہیں۔حکومت فاٹا اصلاحات نافذ کرکے ایف سی آر کا خاتمہ کرے اور فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران نوجوانوں کو تعلیم ، صحت اور کھیل کے میدان دینے میں ناکام ہوگئے۔

ساٹھ لاکھ نوجوان نشے کے عادی ہوچکے ہیں،نوجوانوں کے لئے کوئی روزگار نہیں، جسکی وجہ سے وہ خودکشیاں کررہے ہیں۔ نوجوانوں کے سالانہ سپورٹس فنڈ سے زیادہ ایوان صدر کا ایک سال کا خرچہ ہے،سائنس و ٹیکنالوجی کا بجٹ دو ارب لیکن میٹرو کے ایک کلومیٹر کا فنڈ چھ ارب ہے۔جماعت اسلامی کی حکومت آئی تو نوجوانوں کو حقوق دیں گے۔2018ء کے انتخابات میں نوجوانوں کو 50%ٹکٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے، ہمیں پاکستان کے جھنڈے ، ترانے اور نظرئیے سے محبت ہے۔ ہم ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ ملاکنڈ ڈویژن جماعت اسلامی کا گڑھ ہے۔ انشاء اللہ 2018ء کے انتخابات میں ملاکنڈ ڈویژن میں کلین سویپ کریں گے۔

بٹ خیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں