ملک کی طرح ضلع چکوال میں تبدیلی چلنے والی ہوا اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے ،سردار ذوالفقار علی خان دلہہ

جمعہ 20 جولائی 2018 20:16

چکوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے راہنما وسابق رکن پنجاب اسمبلی وامیدوار حلقہ این اے 64سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے کہا ہے کہ پورے ملک کی طرح ضلع چکوال میں تبدیلی چلنے والی ہوا اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے جبکہ چکوال میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نئے پاکستان کا نعرہ عوام کے دلوں میں پیوست ہوچکا ہے، پچیس جولائی کو انشاء اللہ ضلع چکوال میں تعمیر وترقی کی شمع روشن ہوگی اور ضلع بھر میں اتحادیوں سمیت پی ٹی آئی دوقومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی، انہوںنے کہا کہ میں پانچ سال تک مسلسل عوام کی خدمت پر گامزن رہا ہوں، میرا پرانا حلقہ انتخاب شاہد ہے کہ ہم نے ہر شعبہ زندگی میں ایک انقلاب برپا کیا ہے، وہ چکوال شہرمیں مقامی میرج ہال میں اور بعد ازاں قصبہ منگوال میں حاجی گلستان کی طرف سے منعقدہ بڑے جلسوں سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنوں، ووٹروں اور سپورٹروں کی بڑی تعداد موجود تھی، امیدوار برائے حلقہ پی پی اکیس راجہ ہمایوں یاسر سرفراز نے کہا کہ چیئرمین عمران خان روایتی سیاستدان نہیں اور انشاء اللہ عمران خان کی پورے پاکستان میں حکومتیں قائم ہوں گی اور تھانہ کچہری کی سیاست کا خاتمہ ہوگا اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے، بلدیاتی نظام میں جدت لائی جائے گی اور تعلیم، صحت اور بنیادی ضروریات زندگی میں ایک انقلاب برپا ہوگا، انہوںنے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے پاس عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اور الحمد اللہ لاکھوں عوام چیئرمین عمران خان کی آواز پر لبیک کہہ رہے ہیں، سردار ذوالفقار علی خان نے مزید کہا کہ آج سوال ذوالفقار یا یاسرکی ذات کا نہیں نئی نسل کے مستقبل کا سوال ہے، بیروزگاری کا خاتمہ کرنا ہے، مہنگائی پر قابو پانا ہے، بڑے ہسپتالوں پر توجہ دینی ہے، ضلع بھر میں یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں لانا ہے یہ تب ہی ممکن ہوسکتا ہے کہ پچیس جولائی کو عوام خواتین سمیت بروقت پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچیں اور اپنا حق رائے دہی پی ٹی آئی کے حق میں استعمال کریں اور بلے کے نشان پر مہر لگا کر عمران خان کو کامیاب کریں۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں