لیاقت جتوئی کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان

سابق وزیراعلیٰ سندھ نے جی ڈی اے میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 دسمبر 2023 15:27

لیاقت جتوئی کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان
دادو ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 دسمبر 2023ء ) سابق وزیراعلی سندھ لیاقت جتوئی نے پاکستان تحریک انصاف کو الوداع کہہ کر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں جی ڈی اے نے پی ٹی آئی کی ایک اور وکٹ گرادی ہے، پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی نے جی ڈی اے میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے، اس حوالے سے کل جتوئی ہم خیال مقامی رہنماؤں کا اجلاس ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل بنایا جائے گا۔

سابق وفاقی وزیر لیاقت جتوئی کا کہنا ہے کہ آئندہ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کی ٹکٹ پر حصہ نہیں لوں گا، پیر پگاڑا اور ڈاکٹر ارباب غلام رحیم سے رابطے میں ہوں، سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم سے دیرینہ تعلقات ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی جانب سے دادو میں 9 دسمبر کو جلسہ ہوگا، جلسے میں جی ڈی اے کے مرکزی قیادت شرکت کرے گی، اس جلسے میں لیاقت جتوئی کی جانب سے جی ڈی اے میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا، اس کے علاوہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ کل جی ڈی اے کے رہنماؤں سید صدر الدین شاہ راشدی، ڈاکٹر صفدر علی عباسی اور دیگر سے ملاقات بھی کریں گے۔

اس سے پہلے صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ارباب غلام رحیم بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں، انہوں نے بھی گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے پلیٹ فارم سے آئندہ الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے سابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں پیر پگارا کے ساتھ ہوں اور مل کر الیکشن لڑیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی سے ہمارا کوئی رابطہ نہیں ہے جب کہ بشیر میمن سندھ میں مسلم لیگ ن کے لیے کام کر رہے ہیں۔

ادھر استحکام پاکستان پارٹی نے بھی سیاسی محاذ پر تحریک انصاف کو ایک اوربڑا جھٹکا دیا ہے، پی ٹی آئی کے دو سابق ایم این ایز اور ایک سابق صوبائی وزیر نے آئی پی پی کے سربراہ جہانگیرترین کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے، دو سابق ارکان قومی اسمبلی نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی، ایک سابق صوبائی وزیر کی بھی آئی پی پی قیادت سے ملاقات ہوئی۔ بتایا جارہا ہے کہ جہانگیر ترین سے سابق ایم این اے سردار ذوالفقار دُلا، سابق ایم این اے غلام محمد لالی کی ملاقات ہوئی، سابق صوبائی وزیرکرنل ریٹائرڈ محمد انور نے بھی جہانگیرترین سے ملاقات کی، تینوں ارکان چند روز میں باضابطہ پریس کانفرنس میں آئی پی پی میں شمولیت کااعلان کریں گے، جہانگیرترین نے تینوں رہنماوں کے فیصلے کا خیر مقدم کیا، اس ملاقات میں آئی پی پی رہنما غلام سرورخان، اسحق خاکوانی، عون چوہدری، سعید اکبر نوانی بھی شریک تھے۔

دادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں