تحریک انصاف کے رہنما کی گاڑی کے قریب دھماکہ، متعدد افراد زخمی

پی ٹی آئی رہنما سردار اکرام خان گنڈا پور بھی دھماکے میں زخمی ہوئے ہیں، میڈیا رپورٹس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 22 جولائی 2018 11:29

تحریک انصاف کے رہنما کی گاڑی کے قریب دھماکہ، متعدد افراد زخمی
ڈیرہ اسماعیل خان (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 جولائی 2018) ڈیرہ اسماعیل خان میں پی ٹی آئی رہنما سردار اکرام خان گنڈا پور کی گاڑی کے قریب  خود کش دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں تین افراد زخمی ہو گئے جب کہ زخمی ڈرائیور رمضان دم توڑ گیا ہے۔۔میڈیا ارپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔جہاں سردار اکرام خان گنڈا پور کی گاڑی کے قریب خود کش دھماکہ ہوا ہے۔

دھماکے میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ زخمیوں میں سردار اکرام خان گنڈا پور اور ان کا ڈرائیور بھی شامل ہیں۔ تاہم ڈرائیور رمضان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ہے۔سردار اکرام خان گنڈا پور تحریک انصاف کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے امیدوار ہیں ،گنڈاپورڈی آئی خان کے حلقہ پی کے 99 سے امیدوار ہیں جبکہ پرویز خٹک کی کابینہ میں وزیر زراعت بھی رہے ۔

(جاری ہے)

واقعے کے بعد امدادی کام شروع کر دیا گیا ، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریب واقع اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، پولیس دھماکے کی کی مختلف پہلوئوں سے تحقیقات کر رہی ہےجو دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرے گی ۔ واضح رہے کہ سردار اکرام خان گنڈا پور کے بھائی اسرار گنڈا پور2014میں ایک خودخوش دھماکے میں جاں بحق ہو چکے ہیں۔خیال رہے کہ عام انتخابات میں کچھ روز ہی باقی رہ گئے ہیں۔

ایسے میں کئی سیاسی رہنماؤں کو دہشت گرد حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جو کہ ملک دشمن قوتوں کی طرف سے ملک میں انتخابی عمل کو متاثر کرنے کا ایک طریقہ ہے۔۔اب بھی عام انتخابات 2018ء کے دوران ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کی قیادت بھی دہشتگردوں کے نشانے پر ہونے کی اطلاعات ہیں، دہشتگرد اور شدت پسند الیکشن کے عمل کو تباہ کرنے کے لیے کسی سیاسی اُمیدوار یا معروف سیاسی شخصیت کو نشانہ بنا سکتے ہیں جبکہ الیکشن کے دوران خود کُش حملوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔تاہم اس حوالے سے سکیورٹی اداروں نے انتظامات کرنے شروع کر دئے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں