درآمد اور برآمد کنندگان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا،چیف کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ

جمعہ 8 مارچ 2024 13:03

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2024ء) چیف کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ پنجاب محمد صادق نے کہا کہ کسٹمز اپریزمنٹ کے بارے میں درآمد اور برآمد کنندگان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور اس مقصد کیلئے ایک مشترکہ فورم تشکیل دیا جائے گا جس پر تمام سٹیک ہولڈرز ہر 15یا20روز بعد مل کر قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے مسائل کو ازخود باہمی مشاورت سے حل کر سکیں گے۔

فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری میں تاجروں اور صنعتکاروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بات چیت سے ہی مسائل حل ہوتے ہیں اسلئے انہوں نے اوپن ڈور کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے تاکہ لوگوں کے مسائل فوری طورپر حل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے مسائل کے حل کیلئے ایڈیشنل کلکٹر یہاں دستیاب ہیں تاہم جو مسئلے فوری طور پر حل نہ ہو سکیں اُن کیلئے پندرہ یا بیس دن بعد ایک مشترکہ میٹنگ رکھی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو مسائل اس سطح پر حل ہو سکتے ہیں اُن کا فوری فیصلہ کر دیا جائے گا جبکہ دیگر مسائل کو ایف بی آر اور حکومت پاکستان تک پہنچایا جا ئے گا۔توسیع سے متعلقہ کیسوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب اس مقصد کیلئے آپ لوگوں کو کہیں جانے کی ضرورت نہیں اگر اس سلسلہ میں فائل داخل کر دی جائے تو اگلے روز ہی آپ کو اس کا جواب مل جائے گا۔

کسٹمز انٹیلی جنس سے متعلقہ شکایات کے ازالہ کیلئے انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس سلسلہ میں متعلقہ افسران سے بات کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طے شدہ کسٹم ویلیو ایشن پر درآمدی مال کی اپریزمنٹ ہونی چاہیے اور جو ایسا نہیں کرے گا وہاں یہاں نہیں رہے گا۔ انہوں نے ڈرائی پورٹ ٹرسٹ حکام سے بھی کہا کہ وہ اپنے بانڈڈ کیئریرز کو بڑھائیں جبکہ درآمد کنندگان کو ریلوے کی سہولت سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ سرگودھا کا دفتر جو اس وقت فیصل آباد سے کام کر رہا ہے آئندہ 2سے 3ماہ تک سرگودھا منتقل ہو جائے گا۔ اس سے قبل مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ اس میں کسٹم، چیمبر اور کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس سمیت درآمد اور برآمد کنندگان کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ اس سے قبل چیمبر اپنی سطح پر متعلقہ سٹیک ہولدرز کی میٹنگ بلائے گا تاکہ طریقہ کار اور پالیسی سے متعلقہ مسائل کو الگ الگ کر کے انہیں حل کرنے کیلئے سفارشات طے کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد چیف کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ سے ملاقات ہو گی تاکہ ان پر فوری فیصلہ کرنے کے علاوہ پالیسی سے متعلقہ مسائل کو سفارشات کے ہمراہ اعلیٰ حکام کو بھیجا جا سکے۔ بعد ازاں سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے سوال و جواب کی نشست منعقد کی۔ صدر ڈاکٹر خرم طارق نے چیف کلکٹر کسٹمز محمد صادق کو فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی گئی ۔ چیف کلکٹر کسٹمز نے فیصل آباد چیمبر کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے اور گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز نوید الرحمن بگوی، فیصل آباد ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین مزمل سلطان بھی موجود تھے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں