یوم آزادی دراصل خود احتسابی اور تجدید عہد کا دن ہے ،شیخ فاروق یوسف

منگل 14 اگست 2018 18:45

فیصل آباد۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) اس یوم آزادی پر تمام محب وطن پاکستانیوں کو وطن عزیز کی جغرافیائی سرحدوں اور نظریاتی اساس کی حفاظت کے ساتھ ساتھ معاشی خوشحالی کیلئے بھی نئے جوش و جذبے سے جدوجہد کرنا ہوگی۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر شیخ فاروق یوسف نے ایف سی سی آئی کمپلیکس میں پرچم کشائی کی روایتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی دراصل خود احتسابی اور تجدید عہد کا دن ہے۔ آج ہمیں اپنی ذات کا جائزہ لینا ہوگا کہ ہم نے اس وطن کو کیا لوٹایا جس نے ہمیں عزت ووقار سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ذات سے بالاتر ہوکرمملکت خداداد پاکستان کی ترقی اور سلامتی کیلئے کام کرنے کے عہد کی تجدید کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں قائد اعظم حضرت محمد علی جناح کے فرمان ’’اتحاد، تنظیم اور ایمان‘‘ کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالنا ہوگا۔

اس سے قبل شیخ فاروق یوسف نے پرچم کشائی کی اور ٹھیک نوبجے پوری قوم کے ساتھ ہم آواز ہوکر قومی ترانہ پڑھا۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعا بھی کی۔ اس موقع پر سابق سینئر نائب صدر رانا سکندراعظم، ایگزیکٹو ممبر تنویر احمد، رانا اکرام اللہ، حاجی محمد سلیم، یعقوب اعوان اور محمد افضل مغل کے علاوہ چیمبر کے سٹاف ممبران بھی موجود تھے۔

پرچم کشائی کے دوران شہر کے معروف بینڈ نے مدھم دھنوں پر ترانے بجائے جبکہ سٹنٹ میں نے مونچھوں سے گاڑی کھینچنے کا شاندار مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں شیخ فاروق یوسف نے ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا ور قیدیوں کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی اور ان میں مٹھائی تقسیم کی۔ انہوں نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو یقین دلایا کہ وہ قیدیوں کی فلاح و بہبود کیلئے جیل انتظامیہ سے تعاون کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ جیل سے واپسی پر قائم مقام صدر نے ایگزیکٹو ممبران کے ہمراہ ایف سی سی آئی کمپلیکس کے بالمقابل گرین بیلٹ میں پودے بھی لگائے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں