پنجاب حکومت کا آئندہ چند ہفتوں کے دوران صوبہ بھر میں پلاسٹک بیگز کی

تیاری،فروخت، استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ ة شہریوں کو ہر قسم کی خریداری کیلئے کپڑے کے تھیلے اپنے ساتھ رکھنے کی عادت اپنانے کی بھی ہدایت

منگل 22 اکتوبر 2019 22:06

ٌفیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2019ء) پنجاب حکومت نے آئندہ چند ہفتوں کے دوران صوبہ بھر میں پلاسٹک بیگز کی تیاری ،فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ شہریوں کو ہر قسم کی خریداری کیلئے کپڑے کے تھیلے اپنے ساتھ رکھنے کی عادت اپنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔جامعہ زرعیہ میں ماحولیاتی و فضائی آلودگی اور ممکنہ فوگ و سموگ کی سنگین صورتحال سے بچنے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف ، انسٹی ٹیوٹ آف سوائل و انوائرمنٹل سائنسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد یاسین اور دیگر مقررین نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدائت پر تمام محکمے مربوط انداز میں سموگ کے تدارک کیلئے کوشاں ہیں اور اینٹوں کے بھٹوں میں زگ زیگ ٹیکنالوجی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ آلودگی اور دھویں کا باعث بننے والے عوامل کی ہر ممکن حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جلد ہی یونیورسٹی کیمپس میں پلاسٹک بیگزکے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرکے اسے ملک کا سب سے پہلا ماحول دوست کیمپس بنایا جائے گاجس میں پلاسٹک بیگزکا استعمال مکمل طور پر ممنوع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہرچند فیصل آباد آلودگی شہروں کی فہرست میں شامل ہے تاہم یونیورسٹی کیمپس میں گزشتہ چند مہینوں سے لگائے جانیوالے ہزاروں درختوں کی وجہ سے وہ توقع رکھتے ہیں کہ مستقبل میں سموگ کی شدت میں بتدریج کمی آئے گی۔

انسٹی ٹیوٹ آف سوائل و انوائرمنٹل سائنسز کے ڈائریکٹر پروفیسرڈاکٹر محمد یاسین نے کہا کہ ان کا انسٹی ٹیوٹ انوائرمنٹل سائنسز کے چارسالہ ڈگری پروگرام کے ساتھ ساتھ ایسے امور پر بھی تحقیقات میں مصروف ہے جس سے شہر کے مضافات میں کاشت کی جانیوالی فصلوں خصوصا سبزیوں میں استعمال ہونیوالے سیوریج واٹر سے ان میں پیدا ہونیوالے ہیوی میٹلز اور نقصان دہ عناصر کی مقدار کا تعین کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سوائل وانوائرمنٹل سوسائٹی کے نوجوان کیمپس کمیونٹی میں پلاسٹک بیگزکے استعمال کی حوصلہ شکنی کرنے کیلئے ہر گھر میں کپڑے سے تیارتھیلے تقسیم کر رہے ہیں جبکہ کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے کوریڈور میں بڑے ڈسک بن بھی خصوصی طور پر رکھے گئے ہیں تاکہ فضائی و ماحولیاتی آلودگی کا تدارک کیا جا سکے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں