حافظ آباد میں گھر میں آتشزدگی، چھت گرنے سے 4 افراد دم توڑ گئے

سردی کی شدت سے بچنے کیلئے دوسری منزل پر آگ جلائی گئی جس نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 6 جنوری 2024 13:04

حافظ آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 جنوری 2024ء ) صوبہ پنجاب کے شہر حافظ آباد میں گھر میں آتشزدگی کے بعد چھت کرنے سے 4افراد دم تو ڑگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ پنجاب کے شہر حافظ آباد کے علاقے رامکے چٹھہ میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پیش آیا جہاں گھر میں آگ لگنے کے بعد چھت گر گئی جہاں گھر میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیاں شروع کرتے ہوئے لاشوں کو ہسپتال اور زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کردیا۔

بتایا گیا ہے کہ سردی کی شدت سے بچنے کیلئے گھر کی دوسری منزل پر آگ جلائی گئی تھی جس نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور آگ لگنے سے خستہ حال چھت گر پڑی۔

(جاری ہے)

ادھر صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے ایبٹ آباد میں گھر میں آگ لگنے سے مکان کی چھت گرنے کے باعث ایک ہی خاندان کے 9 افراد ملبے تلے دب گئے جن میں سے 7 جاں بحق ہوگئے، آتشزدگی کا یہ افسوسناک واقعہ ایبٹ آباد میں قلندر آباد کے گاؤں ترھیڑی میں پیش آیا، جہاں گھر میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگنے والی خوفناک آگ سے مرنے والوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ آگ لگنے کے باعث مکان منہدم ہو گیا، جس کے ملبے تلے ایک ہی خاندان کے 9 افراد دب گئے جن میں 7 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ 2 افراد کی تلاش جاری ہے، واقعے میں جاں بحق ہونے والے تمام 7 افراد کی موت جھلسنے کے باعث ہوئی جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔ اسی طرح کا ایک واقعہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی پیش آیا تھا جہاں آتشزدگی سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، اندرون بھاٹی گیٹ میں یہ انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جاں بحق تمام افراد ایک ہی خاندان کے تھے، گھر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں 6 بجے، 3 خواتین اور ایک مرد شامل تھا۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں