ڈیل ہو چکی ہے بس جہاز آنے کی دیر ہے

صحافی و کالم نگار جاوید چودھری نے ڈیل سے متعلق اہم اشارے دے دئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 25 جون 2019 13:44

ڈیل ہو چکی ہے بس جہاز آنے کی دیر ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جون 2019ء) : پاکستان کے معروف صحافی و کالم نگار جاوید چودھری نے ڈیل ہونے سے متعلق کچھ اہم اشارے دے دئے ۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے جاوید چودھری کا کہنا تھا کہ کہتے ہیں کہ انسان جھوٹ بول سکتے ہیں لیکن واقعات نہیں۔ اگر آپ سچ جاننا چاہتے ہیں تو آپ واقعات کو ترتیب دے دیں تو آپ سچائی تک پہنچ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی 22 جون کو پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد تشریف لائے۔ حسب دستور وزیراعظم عمران خان نے ان کی گاڑی ڈرائیو کی جس کے بعد دو روزہ دورہ مکمل کر کے امیر قطر واپس روانہ ہو گئے۔ پاکستان کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے امیر قطر کے واپس جانے کے بعد قطر سے تین ارب ڈالرز کی امداد ملنے کا اعتراف کیا اور یوں قطر بھی سعودی عرب ، چین اور متحدہ عرب امارات کی طرح پاکستان کو امداد دینے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا۔

(جاری ہے)

لیکن اس کے بعد انتہائی با خبر وزیر شیخ رشید نے کہا کہ میں نے وزیراعظم عمران خان سے یہ بات کی ، میں اعتراف کرتا ہوں کہ میں نے وزیراعظم سے کہا کہ اگر یہ لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں لندن جانے دو تو انہیں جانے دو دفع دور۔ جاوید چودھری نے کہا کہ شیخ رشید کے اس اعلان میں سب کچھ موجود ہے۔2017ء میں مریم نواز قطر کے شاہی خاندان سے سفارتی امداد لینے کے لیے اسی امیر قطر کی ہمشیرہ دانا بنت حماد سے ملاقات کے لیے دوحہ بھی گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ امیر قطر کا دورہ پاکستان ، قطر کا پاکستان کے لیے امداد کا اعلان اور شیخ رشید کا ''دفع کریں'' کا اعلان ایک ڈیل کا اعلان محسوس ہو رہا ہے۔ میرا خیال ہے کہ ڈیل ہو چکی ہے بس جہاز آنے کی دیر ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری احتجاج کی کالیں دیتے رہ جائیں گے اور میاں نواز شریف علاج کے لیے باہر تشریف لے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں