اسرائیلی وزیراعظم کا اردن ویلی کو شامل کرنے کا غیر ذمہ دارانہ اعلان

فلسطینیوں پر قبضہ برقرار رکھنے کی طرف خطرناک پیش رفت ہے،وفاقی وزیر شفقت محمود

پیر 16 ستمبر 2019 23:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے اردن ویلی کو شامل کرنے کا یکطرفہ اور غیر ذمہ دارانہ اعلان فلسطینیوں پر قبضہ برقرار رکھنے اور انہیں مزید آزادی سے محروم رکھنے کی طرف ایک خطرناک پیش رفت ہے۔ پیر کو جدہ سے یہاں موصول ہونے والے پیغام کے مطابق وفاقی وزیر شفقت محمود کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اتوار کو اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کونسل آف منسٹرز سے ملاقات کی۔

اس موقع پر شفقت محمود نے امید ظاہر کی کہ او آئی سی اسرائیل کو اس غیر قانونی اقدام سے روکنے اور مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے اپنا دبائو ڈالے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین سے متعلق اپنے اصولی موقف پر قائم ہے، ہم آزادی فلسطینی ریاست کے قیام، 1967ء کی سرحدیں اور القدس الشریف کو فلسطین کا دارالحکومت بنانا ہی مشرق وسطیٰ میں قیام امن لانے کا واحد راستہ ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست سے کشمیری کو بند کر کے ایک جیل بنا دیا گیا ہے، کشمیری نوجوانوں کو رات گئے گھروں سے اغواء کر لیا جاتا ہے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کشمیری رہنمائوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے اور کشمیری عوام کی زندگیوں کو بچانے کے لئے اور کشمیر خوراک اور ادویات کی سخت قلت ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ذرائع ابلاغ نے ہندوستان کے ان دعوئوں کہ کشمیر میں زندگی کو معمول کے مطابق چل رہی ہے کو یکسر رد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون، کرفیو اور دیگر پابندیوں کو فوری طور پر ختم کرانے اور کشمیریوں کے حقوق کے احترام کے لئے بھارت پر زور دیا جائے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے او آئی سی کا کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی حمایت پر او آئی سی کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں