امریکی ناظم الامورکی آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ملاقات

دو طرفہ تعاون اور افغانستان کی صورت حال پر پر تبادلہ خیال کیا گیا.آئی ایس پی آر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 18 اکتوبر 2021 19:12

امریکی ناظم الامورکی آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ملاقات
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 اکتوبر ۔2021 ) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے ملاقات کی اور اس دوران مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون اور افغانستان کی صورت حال پر پر تبادلہ خیال کیا گیا. پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی صورت حال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا.

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعاون اور پائیدار تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے بیان میں کہا گیا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے درکار عالمی امداد اور افغانستان کے عوام کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے اتفاق رائے پر زور دیا.

آئی ایس پی آر نے کہا کہ امریکی ناظم الامور نے افغانستان کی صورت حال، خطے کے استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا انجیلا ایگلر نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعلقات میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا اعادہ کیا. خیال رہے کہ امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے 3 روز قبل لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی تھیں امریکی ایلچی نے مریم نواز کے ساتھ جاتی امرا میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی مریم نواز کے ہمراہ موجود پارٹی راہنماﺅں میں سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی، سیکرٹری جنرل احسن اقبال، سینئر رہنما پرویز رشید، سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب، خرم دستگیر اور طارق فاطمی شامل تھے جس کے بعد امریکی ایلچی نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ان کی ماڈل ٹاﺅن میں قائم رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی.

دونوں ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور پاک امریکا تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی، افغانستان کی صورتحال، خواتین اور بچوں کے حقوق، صحت اور تعلیم اور دونوں ممالک کے درمیان عوام سے عوام کے رابطے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا. مسلم لیگ (ن) کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھاکہ امریکی سفیر نے شہباز شریف کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب سر انجام دی گئی ان کی خدمات کو سراہا جبکہ مریم نواز نے اپنے والد کی جانب سے امریکی صدر جو بائیڈن کو ان کی انتخابی فتح پر مبارک باد اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیاتھا.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں