وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات‘یوکرین پر روس کے حملے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

دونوں نے خطے کے امن، انسداد دہشت گردی، افغان استحکام، یوکرین کی حمایت اور جمہوری اصولوں پر امریکا اور پاکستان کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا.ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 18 مئی 2022 23:46

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات‘یوکرین پر روس کے حملے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 مئی ۔2022 ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک کے اپنے پہلے سرکاری دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا وزیر خارجہ بلاول بھٹو انٹونی بلنکن کی دعوت پر یوکرین پر روسی حملے سے پیدا ہونے والی صورتحال میں عالمی غذائی تحفظ کو درپیش خطرات سے متعلق دو روزہ وزارتی کانفرنس میں شرکت کے لیے گزشتہ روز امریکا پہنچے تھے.

(جاری ہے)

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے سینئر امریکی عہدیدار کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران ہونے والی بات چیت کے اہم نکات پر روشنی ڈالی ملاقات کے بعد بلاول بھٹو نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ہم نے پاک امریکا تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان اہم وسیع البنیاد، جامع تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے باہمی عزم کا اعادہ کیا.


وزیر خارجہ نے بتایا کہ انہوں نے ملاقات کے دوران افغانستان سمیت علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کیانہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران ہم نے خوراک اور توانائی کے تحفظ کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا. بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین نے تجارت و سرمایہ کاری، توانائی و موسمیاتی تبدیلی، صحت و تعلیم، آئی ٹی و ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے ساتھ ساتھ امریکا سے امداد کے بجائے زیادہ تجارتی تعلقات کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایک بیان میں بتایا کہ بلاول بھٹو نے انٹونی بلنکن سے ملاقات کے دوران مضبوط اور خوشحال دوطرفہ تعلقات کی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا.

نیڈ پرائس نے بتایا کہ سیکرٹری خارجہ اور وزیر خارجہ نے موسمیات، سرمایہ کاری، تجارت اور صحت کے ساتھ ساتھ عوام سے عوام کے تعلقات میں شراکت داری کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں نے خطے کے امن، انسداد دہشت گردی، افغان استحکام، یوکرین کی حمایت اور جمہوری اصولوں پر امریکا اور پاکستان کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا. اس ماہ کے شروع میں انٹونی بلنکن نے بلاول بھٹو کو فون کیا تھا اور انہیں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں فوڈ سیکورٹی میٹنگ میں مدعو کیا تھا گزشتہ روز بلاول بھٹو کے نیویارک پہنچنے کے فوراً بعد محکمہ خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں پاکستان کو پاکستانی معیشت کی تعمیر نو کے لیے ان کی کوششوں کے لیے بھرپور امریکی حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی تھی.


محکمہ خارجہ کے ترجمان نے واشنگٹن میں بتایا تھا کہ امریکا خوشحال اور مستحکم پاکستان کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع بڑھانے کے طریقوں پر دوطرفہ طور پر کام کرتا رہے گا وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی.

ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں اس کے مختلف عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے تعلقات کی اہمیت پر زور دیا بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہے اور اس نے ہمیشہ ان اصولوں کے مطابق عالمی مسائل کے حل کی حمایت کی ہے وزیر خارجہ نے کہا کہ گروپ 77 اور چین کے موجودہ سربراہ کی حیثیت سے پاکستان اقوام متحدہ میں ترقی پذیر ممالک کی جانب سے اہداف کے حصول کے لیے یو این سیکرٹری جنرل کی حمایت کا خیرمقدم کرتا ہے.

انہوں نے خاص طور پر پہلے دو پائیدار ترقیاتی اہداف( ایس ڈی جیز) کے حصول کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا جس کا مقصد غربت اور بھوک کا خاتمہ کرنا ہے یوکرین کی صورتحال پر وزیر خارجہ نے مذاکراتی حل کو فروغ دینے کے لیے سیکرٹری جنرل کی کوششوں کو سراہا اور انہیں پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور غیر قانونی آبادیاتی تبدیلیوں کی سنگین صورتحال پر روشنی ڈالی.

بلاول بھٹو نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن کا خواہاں ہے جو کہ جموں و کشمیر کے تنازع کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے تک قائم نہیں کیا جا سکتا وزیر خارجہ نے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے سیکرٹری جنرل کے عزم کو سراہتے ہوئے او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے موجودہ سربراہ کے طور پر پاکستان کی صلاحیت سمیت اس کوشش میں ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا.

وزیر خارجہ نے افغان عوام کے لیے انسانی اور معاشی امداد کو متحرک کرنے میں یو این سیکرٹری جنرل کے کردار کو سراہا وزیر خارجہ نے افغانستان میں عدم استحکام کے پاکستان میں پھیلاﺅپر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو فوری پر ردعمل دیتے ہوئے انسانی ضروریات کو پورا کرنا چاہیے اور افغانستان میں معیشت کی مکمل تباہی کو بچانا چاہیے جس کے افغانستان کے عام عوام کے لیے سنگین نتائج ہوں گے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں