سابق امریکی سفیر کا عمران خان کو نااہل کرنے کی صورت میں بڑے نقصان کے خدشے کا اظہار

ایسے اقدامات پاکستان کے سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی بحران کو گہرا کر دیں گے،کچھ ممالک طے شدہ سرمایہ کاری منصوبے معطل کر چکے،آئی ایم ایف سپورٹ اب تک مشکوک ہے،ایسے اقدامات سے پاکستان کی بین الاقوامی سپورٹ کم ہو جائے گی۔زلمے خلیل زاد کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 22 مارچ 2023 11:22

سابق امریکی سفیر کا عمران خان کو نااہل کرنے کی صورت میں بڑے نقصان کے خدشے کا اظہار
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مارچ2023ء) سابق امریکی سفیر زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ اشارے مل رہے ہیں کہ پاکستانی پارلیمنٹ سپریم کورٹ سے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نااہل کرنے کا کہہ سکتی ہے۔انہوں نے پاکستان کی سیاسی صورتحال حال کے حوالے سے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے مزید کہا کہ لگتا ہے کہ پاکستان کی حکومت نے عمران خان کو ریاست کا اولین دشمن قررا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایسے اقدامات پاکستان کے سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی بحران کو گہرا کر دیں گے۔زلمے خلیل نے کہا کہ پہلے ہی کچھ ممالک طے شدہ سرمایہ کاری منصوبے معطل کر چکے ہیں۔آئی ایم ایف سپورٹ اب تک مشکوک ہے۔ایسے اقدامات کیے گئے تو پاکستان کی بین الاقوامی سپورٹ کم ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

زلمے خلیل زاد نے کہا ایسے اقدامات سے سیاسی افراتفری اور تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

اس سے قبل زلمے خلیل زاد نے پاکستان میں جون میں الیکشن کرانے کی تجویز دیدی۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان کیلئے امریکا کے سابق خصوصی ایلچی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان کو اس وقت سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی جیسے تین بڑے بحرانوں کا سامنا ہے۔ زلمے خلیل زاد نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری سے پاکستان میں جاری سیاسی بحران مزید سنگین ہوجائے گا، سیاسی لیڈروں کو جیلوں میں ڈالنا، پھانسی پر لٹکانا یا قتل کرانا غلط روش ہے۔

زلمے خلیل زاد نے مزید کہا کہ پاکستان کی موجودہ صورتحال میں میں 2 تجاویز دیتا ہوں جس میں پہلی یہ کہ جون میں قومی سطح پر انتخابات کا اعلان کیا جائے تاکہ تباہی سے بچا جاسکے۔زلمے خلیل زاد نے کہا دوسری تجویز یہ ہے کہ اس وقت تمام سیاسی جماعتیں ملک کو بچانے اور استحکام، سلامتی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مل بیٹھ کر مسائل کی نشاندہی اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں اور جو بھی الیکشن میں کامیاب ہو اسے عوام کا مینڈیٹ حاصل ہوگا اسکو کام کرنے دیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں