بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی پٹیشن بحال کرنے کی متفرق درخواست دائر

غیرمعمولی رش کے باعث عدالت پہنچنے میں تاخیر ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدم حاضری دانستہ نہیں تھی، درخواست بحال کی جائے۔ درخواست میں وکیل کا مؤقف

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 اپریل 2024 14:10

بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی پٹیشن بحال کرنے کی متفرق درخواست دائر
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اپریل 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی پٹیشن بحال کرنے کی متفرق درخواست دائر کردی گئی، بشریٰ بی بی کی متفرق درخواست میں وکیل نے مؤقف اپنایا کہ سرینا ہوٹل کے پاس غیرمعمولی رش کے باعث عدالت پہنچنے میں تاخیر ہوئی، یہ تاخیر دانستہ نہیں تھی، اس لیے استدعا ہے کہ درخواست بحال کی جائے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں سزا یافتہ سابق وزیر اعظم و بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست عدم پیروی پر خارج کر دی تھی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ بی بی کی سب جیل بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر سماعت کی، بشریٰ بی بی کی جانب سے کوئی بھی وکیل عدالت میں پیش نہ ہوا، وکلا کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ ’بشریٰ بی بی کے وکلا ءعدالت میں پیش کیوں نہیں ہوئے اگر وہ یہ کیس جیت جاتے تو بشریٰ بی بی جیل چلی جاتیں، وہ خود بھی نہیں چاہتے کہ بشریٰ بی بی جیل چلی جائیں‘۔

(جاری ہے)

جج نے ریمارکس دیئے کہ ’مذاق بنایا ہوا ہے، میں نے کہا تھا آئندہ تاریخ پر فیصلہ کروں گا پھر بھی پیش نہیں ہوئے‘، دوران سماعت سرکاری وکیل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ عید پر بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کرائی گئی ہے‘،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ ’یہ سائیڈ بھی ٹھیک کام نہیں کر رہی اور آپ بھی ٹھیک نہیں کر رہے، دونوں طرف سے عدالت کے ساتھ سیاست کھیلی جا رہی ہے، شعیب شاہین آئے تھے وہ بھی چلے گئے پھر واپس نہیں آئے‘، جس کے بعد عدالت نے بشریٰ بی بی کی بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست خارج کر دی۔

درخواست خارج ہونے کے کچھ دیر بعد بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گِل عدالت پہنچ گئے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ’گل صاحب آپ کی درخواست عدم پیشی پر خارج کر دی ہے، اب آپ درخواست بحالی کی درخواست دے سکتے ہیں‘، اس پر عثمان گِل ایڈووکیٹ نے کہا کہ ’ہم پٹیشن بحالی کی درخواست ابھی تھوڑی دیر میں دائر کر رہے ہیں‘۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں