الیکشن کمیشن نے سرٹیفائیڈ کاپیاں فراہم نہیں کرنی تو آج آرڈر کردوں؟چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ

فارم45 کی سرٹیفائیڈ کاپیوں کیلئے بار کے سابق صدر کو اتنی بھاگ دوڑ کرنا پڑرہی ہے تو عام لوگوں کا کیا ہوگا؟،کیوں زبردستی لوگوں کے الیکشن سے متعلق شکوک وشبہات بڑھا رہے ہیں؟ ،ریمارکس

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 16 اپریل 2024 14:24

الیکشن کمیشن نے سرٹیفائیڈ کاپیاں فراہم نہیں کرنی تو آج آرڈر کردوں؟چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اپریل2024 ء) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کے دوران ریمارکس دئیے ہیں کہ اگر الیکشن کمیشن نے کاپیاں نہیں فراہم کرنی تو میں آج آرڈر کردوں؟، فارم45کی سرٹیفائیڈ کاپیوں کیلئے بار کے سابق صدر کو اتنی بھاگ دوڑ کرنا پڑرہی ہے تو عام لوگوں کا کیا ہوگا؟۔ این 47 اسلام آباد میں فارم 45 سمیت الیکشن دستاویزات کی مصدقہ کاپیوں کی عدم فراہمی اور عدالتی حکم عدولی پر الیکشن کمیشن کے خلاف شعیب شاہین کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزار و امیدوار حلقہ این اے 47 شعیب شاہین اور الیکشن کمیشن کے وکیل پیش ہوئے۔شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ سرٹیفائیڈ کاپیوں کی فراہمی سے متعلق عدالتی حکم عدولی کی گئی، عدالت نے متعلقہ دستاویزات کی سرٹیفائیڈ کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی جو تاحال نہیں ملیں۔

(جاری ہے)

وکیل الیکشن کمیشن ضیغم انیس نے کہا کہ صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب میں کیس سے متعلق بات ہوئی ہے، جلد انکو کاپیاں فراہم کی جائیں گی، مصدقہ نقول فراہمی کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دی جائے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ایسی بات نہ کریں اسلام آباد کا پنجاب سے کیا تعلق؟ سرٹیفائیڈ کاپیاں انکا بنیادی اور قانون حق ہے کیوں نہیں دے رہے؟ کیوں زبردستی لوگوں کے الیکشن سے متعلق شکوک وشبہات بڑھا رہے ہیں؟ اگر ایک سینئر قانون دان، بار کے سابق صدر کو اتنی بھاگ دوڑ کرنا پڑے تو عام لوگوں کا کیا ہوگا؟ مزید کتنا وقت لگے گا، ایک سال، دو سال، تین سال؟ پانچ سال تو مدت ہوتی ہیں۔الیکشن کمیشن کے وکیل ضیغم انیس نے سرٹیفائیڈ کاپیوں کی آئندہ سماعت سے پہلے فراہمی کی یقین دہانی کرائی جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 24 اپریل تک کیلئے ملتوی کردی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں