اگست2019کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیر میں تمام بنیادی آزادیاں معطل ہیں، محمود ساغر

پاکستانی قوم اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود ہر مشکل گھڑی میں ہمیشہ ہمارے ساتھ کھڑی رہی ہے

منگل 16 اپریل 2024 15:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ نے سید یوسف رضا گیلانی کوپاکستان کے سینیٹ کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی حمایت جاری رکھے گا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے نومنتخب چیئرمین سینیٹ کے نام لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ اس اہم ذمہ داری پر آپ کی تقرری آپ کی اعلی سیاسی ساکھ کے ساتھ ساتھ آپ کی جماعت کی سیاسی مفاہمت کی پالیسی کے لیے وسیع حمایت کا مظہر ہے جس میں پاکستان کو درپیش سماجی اور معاشی چیلنجوں سے موثر طریقے سے نمٹنے پر زوردیاگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آپ کی متحرک قیادت میں پاکستان ترقی کرتا رہے گا اور کامیابی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔

(جاری ہے)

محمود ساغرنے جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود ہر مشکل گھڑی میں ہمیشہ ہمارے ساتھ کھڑی رہی ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے غیر قانونی انضمام کے تناظر میں پاکستان کا کردار اور ذمہ داریاں کئی گنا بڑھ گئی ہیں۔

بی جے پی حکومت کی جانب سے 2019میں جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت کے خامتے کے بعد سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں تمام بنیادی آزادیاں معطل ہیں۔ہم امید کرتے ہیں کہ تنازعے کا ایک اہم فریق ہونے کے ناطے پاکستان اس دیرینہ تنازعہ کے جلد اور خوش اسلوبی سے حل کے لیے کوششیں جاری رکھے گا جس کے لئے کشمیریوں کی تین نسلوں نے قربانیاں دی ہیںاور اب چوتھی نسل کی بقا کوخطرہ لاحق ہے۔

حریت رہنما نے امید ظاہر کی کہ یوسف رضا گیلانی کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں گے۔ دریں اثناء محمود احمد ساغر نے امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب ہونے پر حافظ نعیم الرحمان کو اپنی اورپوری کشمیری قوم کی طرف سے مبارکباد دی ہے۔ محمود ساغر نے اپنے مبارکبادی کے پیغام میں کہاکہ اس اہم عہدے پر آپ کی تقرری آپ کی قابلیت، دیانت داری اور سب سے بڑھ کر اس اعتماد اوربھروسے کا اظہار ہے جو آپ کی جماعت اور مجلس شوری نے آپ پر کیا ہے۔انہوں نے یقین ظاہرکیا کہ نومنتخب امیر جماعت حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی مدد اور حمایت کے لیے جماعت کے قابل فخر ورثے کو انتہائی خلوص اور تندہی کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں