حکومت مال بردار گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کے لئے اقدامات کر رہی ہے‘ اس وقت 135 ٹرینیں غیر فعال ہیں،

55 ضروری مرمت کے بعد جلد چلنا شروع ہو جائیں گی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا ایوان بالا میں جواب

جمعرات 25 اپریل 2019 19:44

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) سینیٹ کو بتایا گیا ہے کہ حکومت مال بردار گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کے لئے اقدامات کر رہی ہے‘ اس وقت 135 ٹرینیں غیر فعال ہیں، 55 ضروری مرمت کے بعد جلد چلنا شروع ہو جائیں گی۔ جمعرات کو ایوان بالا میں سینیٹر بہرہ مند تنگی، جہانزیب جمالدینی اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے پاس اس وقت 460 انجن ہیں جن میں سے 325 فعال اور 135 غیر فعال ہیں۔

نئے انجنوں کی خریداری کی کوئی تجویز پاکستان ریلوے کے زیر غور نہیں ہے۔ اگلے پانچ سال کے دوران نئی ٹرینیں چلانے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران انجنوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے لئے ضروری پرزہ جات کی خریداری پر ایک ارب 51 کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان ریلوے مسافروں کو سفر کے دوران اشیائے خوردنی کی فراہمی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں ریلوے پھاٹکوں پر نصب کئے گئے گیٹس کی حالت اطمینان بخش ہے ان گیٹس کو الیکٹرانک گیٹس میں تبدیل کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ کراچی سے پشاور تک تمام لیول کراسنگ سی پیک کے تحت تعمیر ہونے والے ایم ایل ون منصوبے کے ذریعے ختم کر دیئے جائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں