جیکب آباد؛ دستی بم کے حملے میں ایک شخص جاں بحق، 2 پولیس اہلکاروں سمیت 10 زخمی، رینجرز کی موبائل بال بال بچ گئی

ہفتہ 25 جون 2022 23:54

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2022ء) جیکب آباد میں نامعلوم حملہ آوروں کے دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 10 زخمی ہوگئے، رینجرز کی موبائل بال بال بچ گئی ۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے سٹی تھانہ کی حدود مولادادپھاٹک کے قریب دستی بم حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص غلام مصطفی ولد عطامحمد جکھرانی جاں بحق جبکہ الیکشن ڈیوٹی کے لئے جانے والے دوپولیس اہلکاروں ٹھٹھہ کے رہائشی ایاز ٹالانی ، فیاٖ ض احمدبچے غلام نبی ڈومکی سمیت قادر بخش لاشاری ،فیاض چوہان،گاجی چانڈیو،سیف اللہ لاشاری ،میر داد چانڈیو زخمی ہو گئے جبکہ رینجرز کی موبائل بال بال بچ گئی عینی شاہدین کے مطابق رینجرز کی گاڑی گذرنے کے بعد دھماکہ ہوا زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے جبکہ دستی بم حملہ کرنے والے شخص کو گڑھی سبایو کے مکینوں نے پکڑکر مارپیٹ کے بعد پولیس کے حوالے کیا ہے حملہ آور بلوچستان کا رہائشی بتایا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

۔ریسکیو اہلکاروں نے 4 شدید زخمیوں کو لاڑکانہ میں طبی مراکز منتقل کر دیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر قصبے کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے بعد ایس ایس پی جیکب آباد سمیر نور نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے کی نوعیت کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ایک شہری کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ایس ایس پی نے بتایا کہ دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت غلام مصطفی جکھرانی کے نام سے ہوئی ہے۔خیال رہے کہ 24 مئی کوسندھ حکومت نے صوبے خصوصا کراچی میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر صوبے بھر میں کم از کم 20 دنوں کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں