جامشورو ؛ کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے 3 مزدور جاں بحق ہوگئے

لاکھڑا کول مائن کی کان نمبر 22 میں کھدائی کے کام کے دوران اچانک کان میں زہریلی گیس پھیل گئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 مارچ 2022 15:50

جامشورو ؛ کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے 3 مزدور جاں بحق ہوگئے
جامشورو ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 20 مارچ 2022ء ) صوبہ سندھ کے ضلع جامشورو میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے 3 مزدور جاں بحق ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق جامشورو میں لاکھڑا کول مائن کی کان نمبر 22 میں کھدائی کا کام جاری تھا کہ اس دوران اچانک کان میں زہریلی گیس پھیل گئی ، جس کے باعث دم گھٹنے سے وہاں کام کرنے والے 3 مزدور جاں بحق ہو گئے۔

بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے تینوں مزدوروں کا تعلق صوبہ خیبر پختون خوا سے ہے ، تینوں مزدوروں کی لاشوں کو کان سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ چند ماہ قبل صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے مارواڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 کان کن جاں بحق ہو گئے ، جاں بحق افراد کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے ، ماروارڑ کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے تینوں کان کن کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدور تھے ، جاں بحق افراد کی شناخت ہدایت الرحمن ، گل حکیم اور عبدالوکیل کے نام سے ہوئی ، جن کا تعلق صوبہ خیبر پشتونخوا کے علاقے شانگلہ سے بتایا گیا ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پنجاب حکومت نے کان کنوں کے لیے ریسکیو اسکواڈ قائم کردیا ، کان کنوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے معائنہ سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن کردی گئی ، صوبہ پنجاب میں کان کنوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات کے تحت کان کنوں کے لیے ریسکیو اسکواڈ قائم کیا گیا ہے ، کان کنی کے دوران ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے سرگودھا پل 111 پر ریسکیو اسکواڈ قائم کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ میانوالی مکڑ وال میں 10 بیڈز پر مشتمل مائنز لیبر ویلفیئر اسپتال بنایا گیا ہے اس کے علاوہ 6 مائنز لیبر ویلفیئر ڈسپنسریاں بھی بنائی جارہی ہیں ، اس کے علاوہ چکوال میں کان کنوں کے لیے موبائل ہیلتھ یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کان کنوں کے بچوں کے لیے اسکالر شپ کی مد میں 300 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے ، جس کے تحت کان کنوں کے 5 ہزار 600 بچوں کو تعلیمی وظائف 8 کروڑ 50 لاکھ روپے دیے جائیں گے جب کہ معذور کان کنوں کو 6 ہزار روپے ماہانہ کی گرانٹ دی جا رہی ہے۔

جامشورو میں شائع ہونے والی مزید خبریں