پیپلزپارٹی اورلیگی رہنمائوں کی گردنوں پر نیب کا شکنجہ کسا جاچکا ، بچنا محال ہے،خرم شیرزمان

دو نوں جماعتوں نے گزشتہ تیس برسوں میں جو بویا آج کاٹ رہی ہیں ،آصف زرداری جتنی مرضی بچنے کی کوشش کرلیں جیل کی سزا ان کا مقدر بن چکی ہے ،صدرپی ٹی آئی کراچی

پیر 17 دسمبر 2018 21:19

پیپلزپارٹی اورلیگی رہنمائوں کی گردنوں پر نیب کا شکنجہ کسا جاچکا ، بچنا محال ہے،خرم شیرزمان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پی پی رہنمائوں پر نیب کیس چل رہے ہیں۔ اوپر سے لے کر نیچے تک پیپلز پارٹی اور ن لیگ بدعنوانی میں ملوث ہیں۔ ایک رہنما کے مقدمے سے نظر ہٹاتے ہیں تو دوسرے کی طرف چلی جاتی ہے۔ آصف علی زرداری سے لے کر آغا سراج درانی اور نواز شریف تک سب نیب کے شکنجے میں ہیں۔

انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مڈ ٹرم الیکشن میں کامیابی کے سہانے خواب دیکھنے سے فرصت ملے تو پی پی رہنما اپنے مقدمات کا بھی دفاع کریں۔ جھوٹ پیپلز پارٹی رہنمائوں کی رگوں میں خون کی طرح سرایت کر چکا ہے۔

(جاری ہے)

عوام کے پیسے کو سندھ میں دونوں ہاتھوں سے بے دردی سے لٹایا گیا۔

پیپلز پارٹی کی بدعنوانی پر دستاویزات کی کتابیں بھر ی پڑی ہیں ۔پی پی پی اور ن لیگ دونوں نے متفقہ طور پر نیب کے چیئرمین کی تعیناتی پر اتفاق کیا تھا پھر کیوں دونوں ہی سیاسی پارٹیاں احتساب سے گھبرا رہی ہیں۔ پی پی اور ن لیگ نے گزشتہ 30برسوں میں جو بویا، وہی کاٹ رہے ہیں۔ نیب کا شکنجہ پی پی اور ن لیگ رہنمائوں کی گردنوں کو سختی سے جکڑ چکا ہے۔

ان کا قانون کی گرفت سے بچنا محال ہے۔ سندھ میں مسلسل حکومت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو یہ گیارہواں سال سخت ترین سال محسوس ہوگا۔ ن لیگ بھی احتساب سے بچ نہیں سکتی۔ تحریک انصاف کی حکومت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے آزاد ہیں۔ پی پی رہنما آصف زرداری اب اپنے مقدمات سے پیچھا چھڑانے کی جتنی کوششیں کرلیں، جیل کی قید اور سخت سزائیں ان کا مقدر ہے۔ #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں