اندورن سندھ ڈاکوؤں کو اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہے، سابق نگران وزیر داخلہ کا دعویٰ

مقامی سردار ڈاکوؤں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں، سیاسی بھرتیوں کا خمیازہ کراچی والوں کو ڈاکوؤں کی شکل میں بھگتنا پڑرہا ہے۔ برگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 اپریل 2024 16:10

اندورن سندھ ڈاکوؤں کو اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہے، سابق نگران وزیر داخلہ کا دعویٰ
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اپریل 2024ء ) سابق نگران وزیرداخلہ سندھ برگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ اندورن سندھ ڈاکوؤں کو اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔ ڈان نیوز کو انٹرویو میں وزیرداخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کے بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہضیا لنجار الزام لگانے کے بجائے اپنی ذمہ داری پوری کریں، اندورن سندھ ڈاکوؤں کو ایم این ایز اور ایم پی ایز کی حمایت حاصل ہے، مقامی سردار ڈاکوؤں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں، سیاسی بھرتیوں کا خمیازہ کراچی والوں کو ڈاکوؤں کی شکل میں بھگتنا پڑرہا ہے۔

برگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ ان کے دور میں جرائم کا گراف بہت نیچے تھا، تمام پوسٹنگ آئی جی نے سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد کیں، اچھے کردار کے لوگوں کو لگایا، ایک بھی ایس پی، ڈی ایس پی یا ایس ایچ او میں نے نہیں لگایا بلکہ اس وقت کے آئی جی سندھ نے سکیورٹی کلیئرنس کے بعد تمام افسران کو لگایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگست 2023 سے فروری 2024 تک جرائم کی شرح کم رہی، ہمارے دور میں مقابلوں کے دوران 150 کے قریب ڈاکو زخمی ہوئے اور ہزاروں مقدمات درج کیے گئے، ہم نے کچے میں اغوا کی وارداتیں تقریباً ختم کردی تھیں، کچے میں جب تک وڈیروں کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی، مقدمے نہیں بنیں گے ڈاکو ختم نہیں ہوں گے۔

سابق نگران وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ افسران اور اہلکار قابل ہیں، بات صرف اتنی ہے کہ پولیس اور رینجرز کو کس طرح استعمال کرتے ہیں، پولیس اور رینجرز کو سڑکوں پر ہونا چاہیئے، لوگ رات کو شاپنگ کے لیے نکلتے ہیں پولیس افسران رات کو سڑکوں پر نکلیں، جب تک ایس ایس پی رات 8 بجے کے بعد سڑکوں پر نہیں نکلے گا جرائم کم نہیں ہوں گے، نشے کے عادی افراد کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرنا چاہیے کیوں کہ نشے کے عادی افراد بھی ڈکیتیاں کرتے ہیں، جب نشے کے عادی افراد جرائم کرتے ہیں تو انہیں گولی چلاتے ہوئے احساس نہیں ہوتا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں