دنیا کی طاقتور ترین 10 کرنسیوں کی فہرست جاری

امریکی ڈالر کو طاقتور ترین کرنسیوں کی فہرست میں 10واں نمبر مل گیا

جمعرات 18 جنوری 2024 17:17

دنیا کی طاقتور ترین 10 کرنسیوں کی فہرست جاری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2024ء) معروف امریکی جریدے فوربز نے دنیا بھر میں استعمال ہونے والی 10 طاقتور ترین کرنسیوں کی فہرست جاری کی ہے۔امریکی ڈالر دنیا بھر میں استعمال ہونے والی نمایاں ترین کرنسی ہے لیکن فوربز نے اپنی حالیہ رینکنگ میں امریکی ڈالر کو طاقتور ترین کرنسیوں کی فہرست میں 10واں نمبر دیا ہے۔فوربز نے لکھا ہے کہ گوکہ اقوام متحدہ میں 180 کرنسیوں کو قانونی حیثیت حاصل ہے لیکن کسی بھی کرنسی کی مقبولیت یا اس کا زیادہ استعمال اس کے مستحکم ہونے کی علامت نہیں ہے۔

فوربز کی 10 جنوری کو جاری کی گئی رینکنگ میں کویتی دینار طاقتور ہونے کے اعتبار سے پہلے نمبر پررہاجس کی مالیت تین اعشاریہ 25 ڈالر کے برابر ہے۔دوسرا نمبر بحرینی دینار کا ہے جس کی مالیت دو اعشاریہ 65 ڈالر ہے۔

(جاری ہے)

عمانی ریال دو اعشاریہ 60 ڈالر کے ساتھ تیسرے، اردنی دینار ایک اعشاریہ 41 ڈالر کے ساتھ چوتھے، جبرلارٹر اور برطانوی پائونڈ ایک اعشاریہ 27 ڈالر کے ساتھ پانچویں اور چھٹے نمبر پر رہا۔

ساتواں نمبر کیمین آئی لینڈ ڈالر کا ہے جس کی مالیت ایک اعشاریہ 20 ڈالر ہے۔ سوئٹزرلینڈ کا فرینک ایک اعشاریہ 17 ڈالر مالیت کے ساتھ آٹھویں جبکہ یورو ایک اعشاریہ نو ڈالر مالیت کے ساتھ نویں نمبر پر اس کے بعد امریکی ڈالر کا 10واں نمبررہا۔ امریکی ڈالر دنیا میں بہت زیادہ استعمال ہونے والی اور اکثر بنیادی ریزرو کرنسی شمار ہوتی ہے لیکن کئی وجوہات کی بنا پر طاقتور ہونے کے اعتبار سے یہ کئی ایک کرنسیوں سے نیچے ہے۔

کرنسی کے مضبوط یا طاقتور ہونے کا دارومدار اس کی قوتِ خرید اور دیگر کرنسیوں کے ساتھ مالیتی تقابل پر بھی ہوتا ہے۔کسی بھی کرنسی کے طاقتور ہونے کا اندازہ فارن ایکسچینج مارکیٹ کے رجحانات، مہنگائی کی شرح، مقامی معاشی نمو، مرکزی بینک کی پالیسیوں اور ملک کی مجموعی پیداوار جیسے عناصر کا تجزیہ کر کے لگایا جاتا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں