کے ایم سی M-9 موٹر وے سے تھڈو نالہ تک برساتی نالہ تعمیر کرے گی، مرتضی وہاب

منگل 9 اپریل 2024 23:01

کے ایم سی M-9 موٹر وے سے تھڈو نالہ تک برساتی نالہ تعمیر کرے گی، مرتضی وہاب
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2024ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کے ایم سی M-9 موٹر وے سے تھڈو نالہ تک برساتی نالہ تعمیر کرے گی، برساتی نالے کے کام کا آغاز حکومت سندھ کی معاونت سے کیا جا رہا ہے، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، میئر کراچی نے کہا کہ M-9 سے تھڈو نالہ تک برساتی نالہ تعمیر کرنے کے لئے ٹینڈر جاری کردیا گیا ہے، اس نالے کی تعمیر سے سعدی ٹائون اور ملحقہ مضافاتی علاقے کے رہائشیوں کا دیرینہ مسئلہ حل ہوجائے گا، انہوں نے کہاکہ مون سون بارشوں میں عوام کو برساتی پانی جمع ہونے کے باعث دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ہماری کوشش ہے کہ مون سون سیزن سے پہلے کراچی کے 38 بڑے نالوں اور 500 سے زائد چھوٹے نالوں کی صفائی کا کام مکمل کرلیا جائے گا اور چوکنگ پوائنٹس کو بھی صاف کرلیا جائے، انہوں نے کہا کہ محکمہ میونسپل سروسز کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں کہ وہ قبل از وقت کام شروع کریں تاکہ بارش کے دنوں میں شہر کی صورتحال بہتر رہے، میئر کراچی نے کہا کہ کئی نالوں پر تجاوزات قائم ہیں جس کے باعث برساتی پانی کا اخراج بھرپور طریقے سے نہیں ہوپاتا، انہوں نے کہا کہ ان نالوں میں مکانات ، دکانیں، کارخانے، اسکولز،مساجد اور دیگر تجاوزات قائم کردی گئی ہیں جس کے باعث یہ نالے محدود ہو کر رہ گئے ہیں اور ہر سال برساتی پانی اوور فلو ہونے کے باعث سڑکوں پر آتا ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن،سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ، تمام ٹائون میونسپل کارپوریشنز مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کریں گے تاکہ بہتر سے بہتر نتائج حاصل کئے جاسکیں، میئر کراچی نے کہا کہ ٹائون میونسپل کارپوریشنز کو جو مشینری درکار ہوگی انہیں فراہم کی جائے گی، واٹر کارپوریشن کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی مشینری مون سون سیزن سے پہلے تیار حالت میں رکھیں، میئر کراچی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث معمول سے زیادہ بارشیں ہوسکتی ہیں ہمیں کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔

#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں