وزیراعلیٰ سندھ نے انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا

پیر 29 اپریل 2024 10:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گلشن اکاخیل ،گڈاپ میں نئی تعمیر ہونے والی ڈسپینسری میں بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کر دیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ، سیکرٹری صحت ریحان بلوچ،ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، ای پی آئی، پی پی ایچ آئی کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم صوبے کے 24 اضلاع میں شروع کی گئی ہے،آج سے 3 مئی تک جاری مہم میں 80 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ نے پولیو مہم میں کام کرنے والے ہیلتھ ورکرز کی سکیورٹی اور دیگر سہولیات دینے کیلئے انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت دی۔

(جاری ہے)

وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو اور سیکرٹری صحت رحیم بلوچ نے پولیو مہم کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کو بریف کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نےمہم کے افتتاح کے موقع پر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر تحائف بھی دیئے۔وزیراعلی سندھ نے کہاکہ خصوصی انسدادِ پولیو مہم میں حکومت سندھ نے 62ہزار فرنٹ لائن ورکرز کو تعینات کیا ہے،پولیو ٹیم 5 سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو ان کے گھروں، سکولوں،ہسپتالوں اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر ویکسین فراہم کریں گے،ہماراعزم ہے کہ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم کو مکمل اور محفوظ بنانے کے لئے4ہزار سے زیادہ سکیورٹی اہلکار ہمارے ساتھ ہیں،افسوس کی بات یہ ہے کہ سندھ بھر میں 11 مختلف مقامات سے ماحولیاتی نمونوں کا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ماحولیاتی نمونوں کے مثبت آنے سے وائرس کی بڑھتی ہوئی گردش کے بارے میں خدشات پیدا ہوئے ہیں،ہمارے فعال اقدامات وائرس کے پھیلاؤ کو موثر طریقے سے روکنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی تمام والدین اور خاندان کے ہر ایک فرد سے اپیل ہے کہ اپنے بچوں کو اس معذوری سے بچانے کے لیے فعال طور پر مہم میں حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ، میڈیا اور کاروباری اداروں سے گزارش ہے کہ وہ لوگوں کو انسدادِ پولیو مہم کی آگاہی دیں،آئیے ایک بار پھر سندھ اور پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کا عزم کریں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گلشن اکاخیل ، گڈاپ کی ڈسپینسری کا ربن کاٹ کر افتتاح بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ گلشن اکاخیل گورنمنٹ ڈسپنسری کے قائم ہونے سے علاقے کے عوام کو طبی سہولیات ملیں گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے گلشن اکاخیل گورنمنٹ ڈسپنسری کا بھی معائنہ کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں