کراچی مویشی منڈی میں خدمات کی فراہمی کے لئے کنٹریکٹ ایوارڈ

مختلف شہروں سے آنے والے قربانی کے جانوروں کیے لیے گنجائش رکھی گئی ہے

ہفتہ 11 مئی 2024 18:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2024ء) ناردرن بائی پاس پر قائم کی جانے والی کراچی کی بڑی عارضی مویشی منڈی 2024 کے لیے ایڈمنسٹریشن سمیت دیگر ٹھیکے جاری کردیے گئے ہیں۔وی وی آئی پی، وی آئی پی اور جنرل بلاکس میں مختلف شہروں سے آنے والے قربانی کے جانوروں کیے لیے گنجائش رکھی گئی ہے۔عیدالاضحیٰ کے موقع پر تیسر ٹاؤن ناردرن بائی پاس پر قربانی کے جانوروں کے لیے قائم کی جانے والی عارضی مویشی منڈی2024 کے لیے ایڈ منسٹریٹرکا ٹھیکہ حسن اینڈ برادرز کے مظفر حسن خان کو دیا گیا ہے۔

مویشی منڈی کی برانڈنگ، بجلی کی سپلائی، پارکنگ،پانی کی سپلائی،سافٹ ڈرنک،منرل واٹر،چارہ سپلائی، برف سپلائی،ٹینٹ (شامیانی)اور بیت الخلا سمیت دیگر انتظامات کے لیے ٹھیکے جاری کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مویشی منڈی میں الاٹ ہونے والے ٹھیکے داروں کو ورک آرڈر ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ناردرن بائی پاس پر کراچی کی سب سے بڑی مویشی منڈی سجنے کو تیار ہے اور اس سلسلے میں تیاریاں زور و شور سے شروع کردی گئی ہیں۔

مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔ مویشی منڈی کے ایڈمنسٹریٹر مظفر حسن خان نے کہا کہ مویشی منڈی میں جانوروں کو رکھنے کے لیے بلاکس کو ہموار کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے جب کہ منڈی کے متعدد بلاکس میں زمین ہموار بھی کردی گئی ہے۔ ہم نے ہیوی مشینری ٹریکٹر ٹرالی اور کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کے ذریعے صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات شروع کردیے ہیں۔

مختلف پولز پر بڑی لائٹس نصب کرکے پارکنگ، سیکورٹی کے بہترین انتظامات کیے جارہے ہیں۔ مویشی منڈی کے مختلف بلاکس کو روشن کرنے کے لیے پول نصب اور لائٹس لگائی جارہی ہیں۔ منڈی کے اطراف سیکورٹی کے لیے حفاظتی چوکیاں قائم کی جا رہی ہیں۔ مویشی منڈی 2024 ناردرن بائی پاس پر پچھلے بارشوں اور سیلاب کو مدنظر رکھتے ہوئے نکاسی آب کے پہلے سے زیادہ بہتر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

خریداروں کی سہولت کے لیے وسیع پارکنگ مختص کی جائے گی جب کہ منڈی کی حدود میں فوڈ کورٹ سمیت بنیادی اشیا کی فراہمی کے لیے عارضی اسٹالز لگائے جائیں گے۔ مالیاتی خدمات کی فراہمی کے لیے ہر سال کی طرح اس سال بھی بڑے بینکوں کے اے ٹی ایمز اور عارضی برانچیں بھی قائم کی جائیں گی۔ کسی بھی قسم کی ایمرجنسی صورتحال کے لیے ہنگامی طبی امداد کی سہولت کے ساتھ ایمبولینس بھی موجود رہے گی۔

فی مویشی 30 لیٹر پانی کی مفت فراہمی کے ساتھ مویشیوں کے باڑے بنانے کے لیے اراضی کی بلامعاوضہ فراہمی بھی شامل ہیں۔ قربانی کے جانور مکمل طور پر صحت مند اور شرعی تقاضوں کے مطابق ہوں۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے منڈی میں داخلے سے قبل تمام مویشیوں کا معائنہ لازمی ہوگا جب کہ مویشیوں کی صحت کی تصدیق کے لیے ویٹرنری ڈپارٹمنٹ کا سرٹیفکیٹ بھی لازمی ہے۔

ویشی منڈی کی مانیٹرنگ کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کا جال پچھایا جائے گا۔ بیوپاریوں کے لیے مویشی منڈی میں خصوصی سہولیات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ قربانی کے جانوروں کو پانی کی مسلسل فراہمی کا بھی بندوبست کیا جائے گا۔مویشی منڈی میں پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکار بھی سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ قربانی کے جانوروں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ویٹرنری ڈاکٹرز کی ٹیم ادویات کے ہمراہ موجود ہوگی جبکہ سیکورٹی پر اضافی نفری کو بھی تعینات کیا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں