سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ شرجیل خان نے پی ایس ایل 5سے متعلق اپنیعزائم ظاہر کردئیے

ٴپاکستان سپرلیگ سے کیرئیر کو بریک لگا تھا لہذا واپسی کو یادگار بنانا چاہتا ہوں: اوپنر کراچی کنگز

پیر 17 فروری 2020 20:23

سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ شرجیل خان نے پی ایس ایل 5سے متعلق اپنیعزائم ظاہر کردئیے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2020ء) معروف کرکٹر شرجیل خان نے کہا ہے کہ پاکستان سپرلیگ سے کیرئیر کو بریک لگا تھا لہذا واپسی کو یادگار بنانا چاہتا ہوں اورتلخ یادوں سے بھرپور ماضی کے باب کو ختم کرکے مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتا ہوں۔کراچی میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈین جونز اور وسیم اکرم کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ میں بھی کام کرچکا ہوں، اس لیے ایڈجسٹ ہونے میں مسئلہ نہیں، کوشش ہوگی کہ اچھی پرفارمنس دے کر ٹیم کی جیت میں اپنا کردار ادا کروں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کا سارا فوکس پی ایس ایل پر ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اپنی فٹنس کو بھی بہتر بنانے کے لیے کام کررہے ہیں۔شرجیل خان پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں کراچی کنگز کا حصہ ہیں اور طویل عرصے بعد میدان میں نظر آئیں گے۔

(جاری ہے)

شرجیل خان پر 2017 کی پی ایس ایل میں سپاٹ فکسنگ کی پاداش میں 5 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی جس میں سے آدھی سزا معطل تھی اور ڈھائی سال کی کرکٹ بدری ختم ہونے کے بعد شرجیل خان اب کرکٹ میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن 20 فروری سے شروع ہوگا جس کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور یہ پہلی مرتبہ ہوگا جب پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان کی سرزمین پر کھیلے جائیں گے۔ 2016 سے شروع ہونے والی لیگ درجہ بدرجہ پاکستان منتقل ہوئی۔ لیگ کے پہلے ایڈیشن کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تاہم ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن میں ٹورنامنٹ کو پاکستان لانے کا آغاز کیا گیا تھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں