بابرشاندار کھلاڑی، ہر کوئی سپر مین نہیں ہوتا جو ہمیشہ معیاری کارکردگی کا مظاہرہ کرے : اینڈی فلاور

ہفتہ 27 جنوری 2024 22:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2024ء) سابق کرکٹ سٹار و کوچ اینڈی فلاور نے کہا ہے کہ بابراعظم غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل کرکٹر ہیں۔ آئی ایل ٹی20 میں گلف جائنٹس کی کوچنگ کرنے والے اینڈی فلاور نے ویب سائٹ کرکٹ پاکستان کو انٹرویو میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی ڈریسنگ روم کا حصہ نہ ہونے کی وجہ سے بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے بارے میں بات نہیں کرسکتا، جہاں تک فارم کا سوال ہے تو ٹی 20سیریز میں انھوں نے اچھی اننگز کھیلیں، مجموعی طور پر تسلسل کے ساتھ رنز بنائے، کوئی سپر مین نہیں ہوتا کہ ہمیشہ اعلی ترین معیار کی کارکردگی کا مظاہرہ کرے، بابر اعظم غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل کرکٹر ہیں۔

انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مہمان ٹیموں کو مشکل پیش آتی ہے، پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز میں اچھا مقابلے دیکھنے میں آئے مگر گرین کیپس اگر چند اہم کیچز ڈراپ نہ کرتی تو نتیجہ اپنے حق میں کرسکتے تھے، مجموعی طور پر مہمان ٹیم نے آسٹریلیا کی مشکل کنڈیشنز میں جیسی کرکٹ کھیلی اس پر کھلاڑیوں کو فخر ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

سابق کوچ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کو وائٹ بال کرکٹ میں بہترین کھلاڑیوں کی خدمات میسر ہیں، حقیقی پاور ہٹرز بھی موجود ہیں، کیویز کو ہوم گراونڈ پر ہرانا کبھی آسان نہیں ہوتا، کوئی بھی غلطی کریں تو اس کی سزا برداشت کرنا پڑتی ہے، میرے خیال میں دونوں ٹورز بہت مشکل تھے۔ اینڈی فلاورنے کہا کہ گذشتہ سال بغیر کسی وقفے کے آئی ایل ٹی 20، پی ایس ایل اور آئی پی ایل میں ٹیموں کیلیے خدمات سرانجام دینے سے میں تھکاوٹ کا شکار ہوا، اسی لیے رواں پاکستانی لیگ کیلیے دستیاب نہیں ہوں گا، اگلے سال بھی شیڈول آئی ایل ٹی ٹونٹی سے متصادم ہونے کی وجہ سے میرے لیے پی ایس ایل کا حصہ بننا ممکن نہیں ہوگا۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں