اعظم سواتی 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سندھ پولیس کے حوالے

پی ٹی آئی سینیٹر کے خلاف سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ سمیت مختلف اضلاع میں مقدمات درج ہیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 11 دسمبر 2022 10:35

اعظم سواتی 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سندھ پولیس کے حوالے
قمبر ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 دسمبر 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سندھ پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابقپاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو کوئٹہ سے سندھ کے علاقے قمبر شہداد کوٹ منتقل کیا گیا جہاں ان کے خلاف سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ سمیت مختلف اضلاع میں مقدمات درج ہیں، جن کے باعث سینیٹر اعظم سواتی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے اعظم سواتی کو3 روزہ جسمانی ریمانڈپر پولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اعظم سواتی سندھ پولیس کے حوالے ہیں، کیوں کہ ناصر آباد اور واراح پولیس اسٹیشن میں ان کے خلاف دو مقدمات درج ہیں، شہری ضمیر حسین کھوسو کی شکایت پر ناصر آباد پولیس اسٹیشن میں تعزیرات پاکستان کی وفعہ 131، 153 اے، 504 اور 505 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، ایف آئی آر میں شکایت کنندگان مختلف ہیں لیکن ان کی دفعات ایک ہی طرح کی ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ قمبر شہداد کوٹ میں درج 2 مقدمات کے علاوہ سینیٹر اعطم سواتی جیکب آباد، شکارپور کے عثمان عیسانی پولیس اسٹیشن اور لاڑکانہ کے سول لائنز پولیس اسٹیشن میں بھی مقدمات درج ہیں۔ واضح رہے کہ اعظم سواتی کو 27 نومبر کو متنازع ٹوئٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، گزشتہ ہفتے پولیس انہیں اسلام آباد سے کوئٹہ لے گئی تھی جہاں گزشتہ روز بلوچستان ہائی کورٹ نے ان کے خلاف 5 مقدمات کو خارج کر دیا تھا جس کے چند گھنٹوں بعد ہی انہیں وہاں سے سندھ پولیس نے صوبے میں درج مقدمات کے تحت اپنی تحویل میں لے لیا جب کہ دوسری طرف کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار سینیٹر اعظم سواتی کا اسلام آباد کے مری روڈ پر واقع فارم ہاؤس سیل کر دیا۔

کشمور میں شائع ہونے والی مزید خبریں