مولانا فضل الرحمان کا وزیراعظم سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ

عمران خان نے وزراء کی ناکامی کے باعث کابینہ میں تبدیلی کی، ناکام عمران خان کو بھی فوری استعفیٰ دینا چاہیے۔ خیبر میں ملین مارچ سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 21 اپریل 2019 19:19

مولانا فضل الرحمان کا وزیراعظم سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ
خیبر(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 اپریل 2019ء) جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا،انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وزراء کی ناکامی کے باعث کابینہ میں تبدیلی کی، ناکام عمران خان کو بھی استعفیٰ دینا چاہیے۔ انہوں نے آج خیبر میں ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک روز روز نئے تجربات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

صدارتی طرز حکومت اور 18 ویں ترمیم کے خاتمے کی باتیں ہورہی ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزراء کی ناکامی کے باعث کابینہ میں تبدیلی کی گئی۔ ناکام عمران خان کو بھی استعفا دینا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے خارجہ پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔ مزید برآں گزشتہ روزانہوں نے لاک ڈاؤں کا اعلان بھی کیا تھا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الائنس فار فری اینڈ فیئر الیکشن‘ پر ہم سب (تمام اپوزیشن) متفق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پشاور کو چلا سکتی ہے، خیبر پختونخوا کو اور نہ ہی پاکستان کو، جو صوبے کو نہیں چلا سکے وہ ملک کیا چلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ صدارتی نظام پاکستان کی تاریخ میں آمریت کی علامت ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ ٹیکنوکریٹ کی حکومت لائی جارہی ہے، جعلی مینڈیٹ کے ذریعے نظام کو نہیں چلایا جاسکتا۔جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے کہاکہ پاکستان کا بجٹ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) تیار کریگا، معاشی پالیسیوں نے ملک کو یہاں تک پہنچادیا کہ آئی ایم ایف ہمارے معاشی معاملات میں مداخلت کررہا ہے، موجودہ حکومت آنے والے بجٹ کو پیش کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس، پیٹرول اور ڈیزل مہنگائی کے آخری حدود تک پہنچ گئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے آٹھ ماہ کے دوران یومیہ 15 ارب روپے کا قرضہ لیا، 30 سال میں اتنے قرضے نہیں لیے گئے جتنے اس دوران لیے گئے اور اس کے باوجود معاشی صورت حال ٹھیک نہیں، اس حوالے سے تحقیقات ہونی چاہئیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پشاور کے بی آر ٹی منصوبے پر لاگت کی رقم آئے روز بڑھتی جارہی ہے، 25 ارب کا منصوبہ ایک کھرب تک پہنچ چکا ہے ، یہ منصوبہ شہریوں کے عذاب بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کے ڈیزائن پر اربوں روپے لگا کر شہر کو تباہ کر دیا گیا، کیا احتساب صرف اپوزیشن کیلئے ہی بی آرٹی کے خلاف مرتب رپورٹس پر عمل درآمد کیوں روکا گیا انہوں نے کہا کہ پشاور سے لے کر بلوچستان تک دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں، ملک بدترین حالات سے دوچار ہے اور ملک میں جھوٹی حکومت ہے۔اس موقع پر انہوں نے کل باب خیبر پر تاریخی اجتماع کا بھی اعلان کیا۔

خیبر ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں