پی ٹی آئی کی حکومت کرپشن کے خلاف برطانیہ اور امریکہ کی طرز کے قوانین لارہی ہے جس میں بلاتفریق احتساب ہو گا،ثوبیہ کمال خان

اتوار 21 اپریل 2019 19:20

لاہور۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2019ء) ممبر قومی اسمبلی و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان ثوبیہ کمال خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے سسلین مافیا کو اب احتساب سے کوئی نہیں بچا سکتا،پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بدعنوان اور کرپٹ سابق حکمرانوں کا احتساب ہو رہا ہے ،ماضی میں نواز شریف اور آصف زرداری نے تمام اداروں کے سربراہان کو اپنے دبائو میں رکھا جس کی وجہ سے وہ میگا سکینڈلز سے بچتے رہے ہیںلیکن اب نیا پاکستان ہے۔

انہوں نے کہاکہ سابقہ ادوار میں احتساب کا نظام کمزور ہو نے کی وجہ سے شریف خاندان اور زرداری خاندان کو کسی نے انصاف میں کٹہرے میں لانے کی کوشش نہیں کی جس کی وجہ سے آج ان کا بچہ بچہ ارب پتی بن چکا ہے اورقوم آج کھربوں روپے کی مقروض ہو چکی ہے ، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ پاکستان میں کرپشن کی بانی جماعتیں ہیں ، موجودہ حکومت کرپشن کرنے والوں کے خلاف برطانیہ اور امریکہ کی طرز کے قوانین لارہی ہے جس میں احتساب بلاتفریق ہو گا اورقانون سب کے لیے برابر ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپشن کے خلاف تاریخی مہم چلا ئی گئی جس سے کئی دہائیوں سے مُک مکا کر کے اقتدار کی باریاں لینے والوںکے اصل چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہوئے جلد ملک سے کرپشن کے ناسور کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو گا،پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ ایک ہی سکے کے دو رخ اور ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے میں دونوں برابر کے شریک ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں