ہماری جدوجہد قانون کے دوہرے معیار اور ظالمانہ نظام کیخلاف ہے، نوازشریف

جمہوریت کے بہادر سپاہی پرویز رشید کو سینیٹ میں جانے سے روکا گیا جبکہ نااہل فیصل ووڈا کے کاغذات منظور کرنا دوہرے نظام کا ثبوت ہے۔ قائد ن لیگ اور سابق وزیراعظم کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 25 فروری 2021 20:01

ہماری جدوجہد قانون کے دوہرے معیار اور ظالمانہ نظام کیخلاف ہے، نوازشریف
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 فروری2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد قانون انصاف کے دوہرے معیار اور ظالمانہ نظام کیخلاف ہے، جمہوریت کے بہادر سپاہی پرویز رشید کو سینیٹ میں جانے سے روکا گیا جبکہ نااہل فیصل ووڈا کے کاغذات منظور کرنا دوہرے نظام کا ثبوت ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جمہوریت کے بہادر سپاہی پرویز رشید کو سینیٹ میں جانے سے روکنا اور واضح نا اہلیت رکھنے والے فیصل ووڈا کے کاغذات کو منظور کرنا قانون و انصاف کے دوہرے نظام کا ثبوت ہے۔

ہماری جدوجہد اسی دوہرے معیار اور ظالمانہ نظام کے خلاف ہے۔ 
واضح رہے لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیل پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس شاہد وحید نے 7 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ۔ جس میں کہا گیا ہے کہ واجبات کی کلیئرنس پرویز رشید کی ذمہ داری تھی، ریٹرننگ افسر نے پرویز رشید کو واجبات ادا کرنے کیلئے مناسب وقت دیا تھا مگر امیدوار نے واجبات ادا نہیں کئے، چیک کے ذریعے واجبات ادا کرنے کی قانونی حیثیت نہیں،مجلس شورہ کا امیدوار اپنے زیر کفالت افراد کی نادہندگی کے باعث بھی الیکشن لڑنے کا اہل نہیں رہتا، ریکارڈ میں واضح ہے کہ پنجاب ہائوس کا کمرہ پرویز رشید کے نام سے بک کیا گیا تھا، سپریم کورٹ کے عطاالحق قاسمی کیس میں واجبات کے اعتراض کو ریٹرننگ افسر نے اگر کوئی اہمیت نہیں دی تو ٹربیونل بھی اس اعتراض سے مطمئن نہیں ہے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ سینیٹ رکن بنوں یا نہیں ان کو بینقاب کرتا رہوں گا، ڈسکہ میں ان کا چہرہ بے نقاب ہوا، میرے کیس میں بھی ہوگا، دھند اور انصاف والوں کی طرف سے رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے خلاف میں سپریم کورٹ میں گیا ہوا ہوں اور جب تک سپریم کورٹ فیصلہ نہیں کرتی وہ پیسے میری ذمہ داری نہیں بنتی۔ دوسری جانب الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کو سینیٹ الیکشن کے لیے اہل قرار دے دیا گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں