ملک میں ترقی و خوشحالی کرپٹ افراد کے ذریعے نہیں آسکتی عوام متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیں‘ذکر اللہ مجاہد

الیکشن میں عوامی حقوق کا استحصال کرنے اور عوام کو غربت اور پسماندگی میں دھکیلنے والے کامیاب نہیں ہو ں گے

منگل 17 جولائی 2018 18:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل و امیر جماعت اسلامی لاہور اور امیدوار پی پی 173 ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کامیاب ہو کر اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کو نافذ کرے گی ، عوام 25 جولائی کو عقیدہ ختم نبوت پر ڈاکہ ڈالنے ، بے حیائی کے کلچر کو فروغ دینے والوں کو مسترد کر دیں گے اور ملک میں ترقی و خوشحالی کرپٹ افراد کے ذریعے نہیں آسکتی عوام متحدہ مجلس عمل کے دیانتدار امیدوار ان کا ساتھ دیں۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے این اے 135 اور پی پی 173 میں ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم اور کارنرمیٹنگز میں لوگوں سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ این اے 135 اور پی پی 173 کے تمام علاقوں میں عوام کو انسانی بنیاد ی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

بار بار اقتدار کا مزہ لینے والے حلقے کی عوام کو پینے کا صاف پانی تک مہیا نہیں کر سکے اس لیے حلقے کی عوام شعور کا مظاہر ہ کرتے ہوئے اپنے مسائل کے حل ، بدامنی ، بد اخلاقی ، معاشی ، سیاسی اور مالی کرپشن کے خاتمے کیلئے اہل ، ایماندار ، خدمت کی سیاست پر یقین رکھنے والی ایم ایم اے کی قیادت کا ساتھ دے اور 25 جولائی کو کتاب کے نشان پر مہر لگا کر ثابت کردے کہ اس حلقے سمیت ملک بھر میں اب چوروں ، لیٹروں اور نام نہاد تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ۔

الیکشن میں عوامی حقوق کا استحصال کرنے اور عوام کو غربت اور پسماندگی میں دھکیلنے والے کامیاب نہیں ہو ں گے ۔ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ عوام نے ہمیں اپنے قیمتی ووٹ کی طاقت سے کامیاب کیا تو انشا ء اللہ شہر لاہور کے تمام حلقوں میں این اے 135 اور پی پی 173 مثالی علاقوں کی فہرست شامل کرنے کی کوشش کریں گے اور عوامئی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں