لاہور،ایم ایم اے نے عمران خان کی جیتی نشست پر کامیابی حاصل کر کے اپنی مقبولیت ثابت کر دی ہے،صاحبزادہ شاہ اویس نورانی

شہباز شریف کی گرفتاری کے باوجود لاہور میں ن لیگ کا کلین سویپ تاریخی کامیابی ہے،۔ کلثوم نواز کے چہلم کے بعد گرینڈ اپوزیشن الائنس کے قیام کے لئے اہم پیش رفت ہو گی،ترجما ن ایم ایم اے

پیر 15 اکتوبر 2018 22:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے کہا ہے کہ ایم ایم اے نے عمران خان کی جیتی نشست پر کامیابی حاصل کر کے اپنی مقبولیت ثابت کر دی ہے۔ ضمنی الیکشن کے نتائج حکومت سے عوامی نفرت کا اظہار ہے۔ ضمنی الیکشن میں ووٹرز نے حکومت کے نمائشی اقدامات کو مسترد کر دیا ہے۔

شہباز شریف کی گرفتاری کے باوجود لاہور میں ن لیگ کا کلین سویپ تاریخی کامیابی ہے۔ بنوں میں عمران خان کی جیتی سیٹ پر متحدہ مجلس عمل کے امیدوار زاہد اکرم درانی کو کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہیں۔ ضمنی الیکشن کے نتائج پی ٹی آئی کے لئے الارمنگ ہیں۔ ن لیگ سیاسی کم بیک کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ ضمنی الیکشن میں شکست سے حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیئں۔ عوام نے پی ٹی آئی کی نااہل حکومت پر کھلا عدم اعتماد کر دیا ہے۔ ن لیگ کو ضمنی الیکشن میں تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں۔ متحدہ اپوزیشن حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔ کلثوم نواز کے چہلم کے بعد گرینڈ اپوزیشن الائنس کے قیام کے لئے اہم پیش رفت ہو گی۔

نیب نے احتساب اور انتقام کا فرق ختم کر دیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق کی جیت سے ثابت ہو گیا ہے کہ جنرل الیکشن میں عمران خان نے این اے 131 سے دھاندلی کے ذریعے کامیابی حاصل کی۔ دھاندلی نہ ہوتی تو جنرل الیکشن میں بھی ضمنی انتخاب جسے ہی نتائج آتے۔ جے یو پی الیکشن میں کامیابی پر شاہد خاقان عباسی، زاہد اکرم درانی، خواجہ سعد رفیق، اویس لغاری اور سہیل خان کو مبارکباد دیتی ہے۔ سرد موسم میں گرم سیاست کا ماحول بن چکا ہے۔ ایوانوں اور میدانوں میں سیلیکٹڈ حکومت کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں