حکومت کا سارا اسلوب ہی شکوک و شبہات پیدا کررہاہے ،دو ماہ میں مشکلات کے خاتمے کا لولی پاپ بھی جھوٹ اور طفل تسلی ہے ‘لیاقت بلوچ

چیئرمین نیب کے اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن یا جے آئی ٹی بنائی جائے‘قائمقام امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 25 مئی 2019 22:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2019ء) قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ عید کے بعد 16 جون کولاہورسے مہنگائی ، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف جماعت اسلامی کے عوامی مارچ تحریک کا آغاز کردیا جائے گا ، عوامی مارچ احتجاج تحریک کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں ۔منصورہ میں مرکزی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلو چ نے کہاکہ وزیراعظم حالات کی تبدیلی کے لیے نئی سے نئی مدت دے رہے ہیں ۔

100 دن پھر چھ ماہ اور اب دو ماہ کی مشکلات کا اعلا ن کر رہے ہیں ۔ عمران خان حکومت کا سارا اسلوب ہی شکوک و شبہات پیدا کررہاہے ۔ آئی ایم ایف کے ساتھ عوام دشمن معاہدہ کے بعد بجلی ، گیس ، پانی ، تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور ٹیکس کی شرح میں غیر حقیقت پسندانہ اضافہ تو مسلط کیا جارہاہے ،عوام اس بوجھ اور جھٹکا سے جانبر نہیں ہوسکتے ۔

(جاری ہے)

دو ماہ میں مشکلات کے خاتمے کا لولی پاپ بھی جھوٹ اور طفل تسلی ہے ۔

شوگر مافیا کو ہر طرح کی رعایتوں کی بارش جاری ہے جبکہ عوام کے لیے مہنگائی کا بوجھ بڑھتاہی جارہاہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ چیئرمین نیب کو ڈرانے دھمکانے اور دبانے کا معاملہ تشویشناک ہے ۔ چیئرمین نیب پر الزامات وزیراعظم کے مشیر کے ملکیتی چینل نے لگائے ۔ فیاض الحسن ، فواد چوہدری کی طرح اب مشیر بھی قربان ہو جائیںگے لیکن اب یہ معاملہ مکمل تحقیقات کا متقاضی ہے ۔

چیئرمین نیب کے اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن یا جے آئی ٹی بنائی جائے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ غیر جانبدارانہ اور سب کا احتساب اسی وقت تسلیم ہوگا کہ پانامہ فہرست کے 436 افراد ، میگا اسکینڈلز میں ملوث لوگ ، قومی خزانہ پر قرضوں کی معافی سے بوجھ بڑھانے والے عناصر اور بیرون ملک ناجائز دولت اکائونٹس کے مالکان احتساب کے کٹہرے میں لائے جائیں ۔ پی پی پی ، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی نے عملاً احتساب کے عمل کو پٹڑی سے اتار دیاہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں