ّعوامی رکشہ یونین نے نگہبان رمضان پیکج نہ ملنے پرمریم نواز راشن دو تحریک کا اعلان کردیا

جمعہ 29 مارچ 2024 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2024ء) عوامی رکشہ یونین نے نگہبان رمضان پیکج نہ ملنے پرمریم نواز راشن دو تحریک کا اعلان کردیا۔اس سلسلہ میں پہلا احتجاجی مظاہرہ چوک یتم خانہ میں کیا گیا ۔ اس موقع پر عوامی رکشہ یونین کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ محترمہ مریم نواز کی جانب سے رمضان المبارک میں غریب اور کم آمدنی والے شہریوں کے لئے 30ارب روپے کی خطیر رقم سے نگہبان رمضان راشن پیکج کا اعلان کیا گیا تھا جو گھر کی دہلیز پر پنچایا جانا تھا۔

لیکن جن کی یہ ذمہ داری لگائی گئی تھی انہوں نے چند ایک جگہ پر فوٹو سیشن کر کے باقی راشن غائب کر دیا ہے۔ یا اپنے عزیزوں اور رشتے داروں میں تقسیم کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ہمارے ہزاروں رکشہ ڈرائیور جو تنگدستی کی زندگی گزاررہے ہیں کسی کو بھی راشن نہیںملا، بے شمار بیوائیں اور یتیم بچے بھی اس راشن سے محروم ہیں۔ میڈیا میں چلنے والے پروگرام بھی چیخ چیخ کر اس بات کی غمازی کررہے ہیں کہ کسی غریب تک راشن نہیں پہنچا ، ہمارا وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز سے مطالبہ ہے کہ غریبوںکے لئے دیا گیا راشن غائب کرنے والوں کی انکوائیر ی کروائیں اور ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے اور مستحقین تک راشن پہنچانے کا انتظام کیا جائے ۔

ڈور ٹو ڈور مہم کے ذریعے اگر الیکشن کمپین چلائی جاسکتی ہے تو ڈور ٹو ڈور سروے کے ذریعے لوگوں کے حالات اور ان کی مالی حالت کا بھی اندازہ لگایا جا سکتاہے۔ اسی طرح کی زیادتی اور دھاندلی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بھی ہورہی ہے اور احساس پروگرام میں بھی ۔ یکم اپریل پیر والے دن ناصر باغ سے وزیر اعلیٰ ہائوس تک بہت بڑی مریم نواز راشن دو ریلی نکالی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں