پی ٹی آئی نے اسٹیبلشمنٹ سے بات ہی کرنا تھی تو حملے کی کیا ضرورت تھی ‘سپیکر ملک احمد خان

9مئی کا واقعہ احتجاج نہیں بلکہ دہشت گردی تھی، فوجی تنصیات پر حملہ کرنے والوں کا ٹرائل جلد از جلد کرنا چاہئے وزیر اعلیٰ مریم نواز گندم کے مسئلے کو احسن انداز سے حل کر رہی ہیں،اس کا کوئی حل نکل آئے گا‘پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو

منگل 30 اپریل 2024 19:17

پی ٹی آئی نے اسٹیبلشمنٹ سے بات ہی کرنا تھی تو حملے کی کیا ضرورت تھی ‘سپیکر ملک احمد خان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اگر ملٹری اسٹیبلشمنٹ سے بات ہی کرنا تھی تو فوج پر حملہ کرنے کی کیا ضرورت تھی ،9مئی کا واقعہ احتجاج نہیں بلکہ دہشت گردی تھی، فوجی تنصیات پر حملہ کرنے والوں کا ٹرائل جلد از جلد کرنا چاہئے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز گندم کے مسئلے کو احسن انداز سے حل کر رہی ہیں،اس کا کوئی حل نکل آئے گا۔

پنجاب اسمبلی آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور، شبلی فراز اور عمر ایوب کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ سے بات کریں اگر یہی کرنا تھا تو فوج پر حملہ کرنے کی ضرورت کیا تھی، پورے ملک میں انارکی و افراتفری پھیلانے کی ضرورت کیا تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بیانیہ بنا کر قوم کا وقت ہی ضائع کیا، میری رائے ہے جو بھی شخص ارادی طور پر ملٹری تنصیبات پر حملہ کرتا ہے اس کے خلاف کیسز دہشت گردی کی عدالتوں میں چلنے چاہئیں، دنیا کے کسی بھی ملک میں اگر کوئی فوجی تنصیبات پر حملہ کرتا ہے تو اسے سپیشل کورٹس ڈیل کرتی ہیں۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ 9مئی سیاہ دن ہے اور اس کی مکمل طور پر پلاننگ کی گئی تھی، فوجی تنصیات پر حملہ کرنے والوں کا ٹرائل جلد از جلد کرنا چاہئے، 9مئی کا واقعہ احتجاج نہیں بلکہ دہشت گردی تھی، کیا سیاسی تنظیمیں دہشت گردی کرتی ہیں جس طرح پی ٹی آئی نے کی۔انہوں نے کہا کہ گندم کے مسئلے کو مریم نواز احسن انداز سے حل کر رہی ہیں۔گندم کے نہ خریدنے میں نمی بھی ایک بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے، اگر گندم میں نمی ہوگی اس کے خریدنے میں مسائل ہوسکتے ہیں، کسانوں کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں اس کا کوئی حل نکل آئے گا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ گندم کا سٹاک جو پہلے کا پڑا ہوا ہے اس کو کیسے فروخت کرنا ہے یہ بھی ایک معاملہ ہے، سپورٹ پرائس کی وجہ سے گندم بڑے پیمانے پر اگائی گئی، سپورٹ پرائس سے نیچے کسان گندم فروخت کرے گا تو اچھی بات نہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں