یہ انتخابات ایک ڈھکوسلہ تھے، آنے والی نسلیں سب کی قیمت ادا کریں گی، جاوید ہاشمی

کابینہ کی تشکیل کے بعد آپ سمجھ سکتے ہیں کہ سٹیٹ کو کون چلا رہا ہے۔ سینئر سیاستدان کا بیان

Sajid Ali ساجد علی منگل 12 مارچ 2024 12:33

یہ انتخابات ایک ڈھکوسلہ تھے، آنے والی نسلیں سب کی قیمت ادا کریں گی، جاوید ہاشمی
ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مارچ 2024ء ) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ یہ انتخابات ایک ڈھکوسلہ تھے، آنے والی نسلیں سب کی قیمت ادا کریں گی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں نے انتخابات سے قبل کہا تھا ن لیگ اپنی مرضی سے ٹکٹیں بھی تقسیم نہیں کرسکتی، اب کابینہ کی تشکیل کے بعد آپ سمجھ سکتے ہیں کہ سٹیٹ کو کون چلا رہا ہے۔

مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ نگران حکومت کی ایکسٹینشن نے تمام راز طشت ازبام کردیے ہیں کہ یہ انتخابات ایک ڈھکوسلہ تھے، ہماری آنے والی نسلیں سب کی قیمت ادا کریں گی۔
سابق رکن قومی اسمبلی یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اس بار ہونے والے انتخابات فری اینڈ فیئر الیکشن نہیں بلکہ مذاق ہے، پی ٹی آئی بڑی پارٹی ہے، ان کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے لیکن الیکشن جیسے بھی ہیں، ہمیشہ پراسس کا حصہ بنتا ہوں، میرا کسی سے مقابلہ نہیں ہے، سب کے پاس وسائل ہیں۔

(جاری ہے)

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا کوئی دور دورہ نہیں، قوم نے عمران خان کو اپنی آنکھوں کا تارا بنا لیا ہے، اس لیے وہ اب ڈٹ کر کھڑا ہوچکا ہے، پنجاب میں پاپولر ووٹ عمران خان اور تحریک انصاف کا ہے، آپ ان لوگوں کی لاشوں پر کارپٹ بچھا کر کسی اور جماعت کو حکومت نہیں دے سکتے، پاپولر ووٹ کے بغیر اقتدار میں آنے کا کوئی فائدہ نہیں کیوں کہ جب تک آپ کے پاس پاپولر ووٹ نہ ہو تو اقتدار پر بٹھانے کے بعد 4 روز میں کھیل ختم ہوجا تا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بہت سے لوگوں کو بلایا تو مجھے بھی بلانا چاہیئے تھا، میں نے ن لیگ خود نہیں چھوڑی تھی مجھے نکالا گیا تھا، میں مسلم لیگ میں ہوں، مسلم لیگ میرے باپ دادا کی تھی، مختلف مراحل میں مسلم لیگ بدلتی رہی، کچھ مراحل پر مسلم لیگ ڈکٹیٹرز کا بھی ساتھ دیتی رہی، بدقسمتی سے مسلم لیگ کو درست راستے پر چلنے نہیں دیا گیا، پوری دنیا میں موروثی سیاست ہوتی ہے، اس لیے مریم نواز کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی اور چوہدری نثار کے موقف کا حامی نہیں ہوں، چوہدری نثار نے 6 الیکشن پارٹی پالیسی کے خلاف لڑے، وہ وزیراعلیٰ پنجاب بننا چاہتے تھے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں