سستی روٹی کی فراہمی کیلئے کریک ڈاؤن،دس سے زائد افراد گرفتار

منگل 16 اپریل 2024 23:34

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) رضوان قدیر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر سستی روٹی کی فراہمی کیلئے کریک ڈاؤن کا سلسلہ وسیع کردیا گیا ہے ۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ایک روز میں 10 سے زائد افراد کو گرفتار کرکے حوالات کی سیر کرائی جبکہ ہزاروں روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 100 گرام روٹی کا ریٹ ضلع ملتان میں 15 روپے مقرر کیا گیا ہے ، خلاف ورزی کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فیضان احمد ریاض سمیت اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں ضلعی انتظامیہ کی بھرپور کاوشوں کے باعث اشیاءخوردونوش کے نرخ کنٹرول بھی رکھے گئے ، عید الفطر کے بعد سستی روٹی اور دیگر اشیاءخوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

رضوان قدیر نے کہا کہ بڑے گراں فروشوں کو بھاری جرمانے اور براہ راست مقدمات درج کرانے کا حکم دیا ہے تاکہ مہنگائی مافیا کی حوصلہ شکنی ہوسکے۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں ہدایت کی کہ تمام ہوٹل مالکان اور تندور مالکان کو میٹنگ کرکے روٹی کے وزن اور کوالٹی پر آمادہ کیا جائے جس کے بعد حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر ایکشن لیا جائے۔رضوان قدیر نے مزید کہا کہ گڈ گورننس کے عملی نفاذ کیلئے ضلعی افسران فیلڈ میں نکلیں اور عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کریں ۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں