اپوزیشن جماعتیں آپس میں رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں ‘ رانا تنویر حسین

حکومت یہ سمجھ رہی ہے اپوزیشن جماعتوں کو انتقام کا نشانہ بناکر عوام میں مقبول ہوجائے گی ‘ میڈیا سے گفتگو

منگل 26 مئی 2020 18:20

مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا جو دور نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں شروع ہوا تھا عمران حکومت نے اس کو نہ صرف روک دیا بلکہ پاکستان کو ناقابل تلافی معاشی ،اقتصادی اورسفارتی نقصان پہنچایا ۔

مریدکے میں مسلم لیگ (ن)کے ضلعی صدر حافظ احمد عتیق اوراپنے بڑے بھائی رانا افضال حسین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا حکومت نے نیب کے ذریعے انتقامی کاروائی کے علاوہ کوئی کام کیا ہے تو بتائے ،اپوزیشن جماعتوں کو انتقام کا نشانہ بناکر حکومت یہ سمجھ رہی ہے کہ عوام میں مقبول ہوجائے گی تو یہ اس کی حماقت ہے ،قوم جانتی ہے پاکستان کو ایٹمی طاقت کس نے بنایا ،موٹرویز ،گوادر ،سی پیک اور معاشی طور پر پاکستان کو کس نے ترجیح دی ۔

(جاری ہے)

نواز شریف کے دور میں بجلی کا بحران ختم ہوا اور پاکستان ایشیا ء کی سب سے اچھی اسٹاک ایکسچینج بنا ،فیکٹریاں چلیں عوام خوشحال زندگی گزار رہے تھے ،دوست اور ترقی یافتہ ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری لیکر آرہے تھے لیکن سب کچھ خراب کردیا گیا ،آج کوئی بھی ہم پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں مقبوضہ کشمیر آزاد ہونے کو تھا لیکن موجودہ حکومت کی ناقص خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پرمکمل قبضہ کرلیا ،ہم کشمیر کا کیس دنیا کو بتانے میں ناکام رہے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ آج قوم مہنگائی بے روزگاری کی دلدل میں پھنس چکی ہے ،حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہے ،اپوزیشن جماعتیں آپس میں رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت نے معیشت کا جنازہ نکال دیا اسے مزید وقت دیا تو بہت نقصان ہوجائے گا اب تبدیلی نہیں پوری حکومت کو گھر جانا ہوگا اور اس کا ایک ہی حل عام انتخابات ہیں تاکہ عوام کی منتخب حکومت آئے اورترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہوسکے ،اس حکومت سے نیکی کی کوئی امید نہیں کی جاسکتی اسے عوام اور پاکستان کی خوشحالی سے کوئی مطلب نہیں ۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں