بانی پی ٹی آئی سیاسی طور پر ماضی کا حصہ بن چکے ہیں‘ رانا تنویر حسین

منگل 30 جنوری 2024 14:09

بانی پی ٹی آئی سیاسی طور پر ماضی کا حصہ بن چکے ہیں‘ رانا تنویر حسین
مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2024ء) مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر وسابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سیاسی طور پر ماضی کا حصہ بن چکے ہیں جبکہ عوام پیپلز پارٹی کو پنجاب سے نکال چکے اب انہیں کچھ نہیں ملے گا بلکہ الیکشن میں جیت کر سندھ میں بھی خوشحالی اور عوام کی قسمت بدلنے کی نئی داستان رقم کریں گے ۔

انہوں نے گیلانی ہائوس ماڈل سٹی مریدکے میں ممتاز مزہبی سماجی اور کاروباری شخصیت پیر سید زاہد شاہ گیلانی کی طرف سے ہزاروں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) کے امیدوار قومی اسمبلی رانا احمد عتیق انور اور ایم پی اے کے امیدوار چوہدری ارشد ورک کی حمایت کے موجودہ الیکشن مہم کے سب سے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے کہا کہ وہ پیر سید زاہد شاہ گیلانی کے مشکور ہیں جنہوں نے مسلم لیگ (ن) کے پورے پینل کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بلاول بھٹو کے میاں نواز شریف اور شہباز شریف کو مناظرے کے چیلنج کو بچگانہ حرکت قرار دیتے کہا کہ بلاول بھٹو نے مسلم لیگ (ن) کی سندھ میں جیت کی منزل آسان کردی ہے ،کھنڈرات اور بدحالی کا منظر پیش کرتا سندھ پیپلز پارٹی کی سندھ کی عوام سے دشمنی کی داستان بیان کررہا ہے ،سندھ کے تعلیمی اداروں پر جو بدترین رپورٹ منظر عام پر آئی ہے اس سے ابتر صورتحال ہسپتالوں کی ہے ،سندھ کی عوام کو تو آج تک پینے کا صاف پانی نہیں مل سکا ۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ بلاول بھٹو ایمانداری سے اپنی الیکشن مہم میں قوم کو بتائیں کیا کراچی اور لاڑکانہ میں بلاول ہائوس میں آج بھی پانی ٹینکرز میں نہیں آتا ،پندرہ سال سے مسلسل اقتدار میں رہنے والی پیپلز پارٹی کوئی ایسا کام بتائے جس پر فخر کیا جاسکے ،ہم سندھ آرہے ہیں بلاول بھٹو کے مناظرے کا جواب اس کے گھر میں دیں گے ،ایسا آئینہ دکھائیں گے بلاول بھٹو سیاست کی الف ب بھول جائیں گے ۔

انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کی بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بننے کا خواب قوم 8فروری کو چکنا چور اس وقت ہوگا جب عوام ووٹ کی طاقت سے چوتھی مرتبہ میاں نوازشریف کو وزیر اعظم منتخب کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ جو امن اور روشنیاں کراچی کو پیپلز پارٹی نہ دے سکی وہ نواز شریف نے لیکر دیں ،نواز شریف کی خدمات کی قوم معترف ہے ،چاروں صوبوں کی خدمت ترقیاتی منصوبوں کی شکل میں بول رہی ہے ،ایٹمی پاکستان ،موٹرویز ،بجلی کے کارخانے ،صنعتی زونز ،ملک و قوم کی خوشحالی نواز شریف اور شہباز شریف لے کر آئے اب ہمارا منشور غربت مہنگائی بے روزگاری پر قابو پانا ہے انشااللہ میاں نواز شریف قوم کے اعتماد پر پہلے کی طرح پورا اتریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سیاسی طور پر ماضی کا حصہ بن چکے ۔جبکہ عوام پیپلز پارٹی کو پنجاب سے نکال چکے اب انہیں کچھ نہیں ملے گا بلکہ الیکشن میں جیت کر سندھ میں بھی خوشحالی اور عوام کی قسمت بدلنے کی نئی داستان رقم کریں گے ۔پسے عوام کی امید کا نام اب صرف میاں نواز شریف ہے۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں