مری کنکریٹ کا جنگل بن چکا، تعمیراتی معیار کو مدنظر نہیں رکھا گیا

لینڈسلائڈنگ پوائنٹس پر ہوٹلوں اورعمارتوں کی تعمیر خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، ماضی میں پیسے کمانا مقصد رہا لیکن تاریخی عمارتوں کا قدیمی حسن تباہ کر دیا گیا۔ قائد پی ایم ایل این محمد نوازشریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 15 اپریل 2024 19:16

مری کنکریٹ کا جنگل بن چکا، تعمیراتی معیار کو مدنظر نہیں رکھا گیا
مری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اپریل2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مری کنکریٹ کا جنگل بن چکا، تعمیراتی معیار کو مدنظر نہیں رکھا گیا، لینڈ سلائڈنگ پوائنٹس پر ہوٹلوں اورعمارتوں کی تعمیر خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔ ماضی میں پیسے کمانا مقصد رہا، تاریخی عمارتوں کا قدیمی حسن تباہ کر دیا گیا، سیاحتی مقامات بد انتظامی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد محمد نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں مری کے مسائل، ضروریات اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے مری کی ڈویلپمنٹ کے لئے جامع پلان طلب کر لیااور مری سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر پلاسٹک پر پابندی کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مری میں سٹیٹ آف آرٹ ہسپتال بنانے کیلئے سائٹ اورمری میں انٹری کیلئے گاڑیوں کو پرمٹ کارڈ ایشو کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔

مری کے لئے دریا جہلم سے پانی لانے کے لئے واٹر سپلائی سکیم کی اصولی منظوری دی گئی اورموجودہ واٹر سکیم کی بحالی اور فلٹریشن کا منصوبہ بھی طلب کرلیا گیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے مری میں پارکنگ کے لئے کیبل کار اور جدید ٹرام چلانے کے اقدامات کی ہدایت کی۔مری میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگانے پر غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہر بلڈنگ میں پارکنگ کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی اورغیر قانونی عمارتیں کی نشاندہی کرکے فوری طور پر گرانے کا حکم دیا۔

نیو مری قائم کرنے کے کوٹلی ستیاں اور دیگر علاقوں میں متبادل سیاحتی مقامات میں ڈویلپمنٹ کیا جائے گا۔ مری میں موٹر وے کی طرز پر صاف ستھرے ٹائلٹ بنائے جائیں گے۔اجلاس میں مری کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ مری میں تجاوزات کے خاتمے کا حتمی پلان پیش کیا گیا اور منظوری دیدی گئی۔

مری میں بس سٹینڈ کو فنکشنل کرنے اور غیر قانونی اڈے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، مری کی سڑکوں کو ون وے بنانے اور کشادگی کی منظوری بھی دی گئی۔ مری کی سڑکوں پر گڑھے ختم کرنے اور گلیوں بازاروں کو بحال کیا جائے گا۔ جھیکا گلی چوک کی وسعت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے کہا کہ مری کنکریٹ کا جنگل بن چکا ہے۔ تعمیراتی معیار مدنظر نہیں رکھا گیا۔

لینڈ سلائڈنگ پوائنٹس پر ہوٹلوں۔عمارتوں کی تعمیر خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ ماضی میں پیسے کمانا مقصد رہا،تاریخی عمارتوں کا قدیمی حسن تباہ کر دیا گیا۔ سیاحتی مقامات بد انتظامی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ شہباز شریف کو مری میں غیر قانونی عمارتیں ہٹانے پر شاباش دیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ بھدے سٹرکچر مری کے قدرتی حسن کو مسخ کررہے ہیں۔عوام کی زندگی کا تحفظ حکومت کا اولین فرض ہے۔ ایم پی اے بلال ستی،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، کمشنر عامر خٹک، ڈپٹی کمشنر ظہیر شیرازی، آر پی او اور دیگر حکام موجود تھے جبکہ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، ایم این اے اسامہ اشفاق سرور نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں