مودی کے اقوام متحدہ سے خطاب سے پہلے دنیا کو بتانا چاہتے ہیں مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم شدت سے جاری ہے،ماریہ اقبال ترانہ

ہم ہر فورم پر کشمیریوں کی حق خودارادیت کی بات کریں گے اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کریں گے،جنرل سیکرٹری انسانی حقوق خواتین ونگ پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر

بدھ 22 ستمبر 2021 22:13

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر انسانی حقوق خواتین ونگ کی جنرل سیکرٹری ماریہ اقبال ترانہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم مودی پچیس ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کررہے ہیں۔ان کے بقول، ہم مودی کے اقوام متحدہ سے خطاب سے پہلے دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم شدت سے جاری ہے اور بھارت کا سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ جھوٹا ہے۔

ہم ہر فورم پر کشمیریوں کی حق خودارادیت کی بات کریں گے اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کریں گے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی مظالم دن بدن بڑھ رہے ہیں اور بھارت ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی کرکے جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے، نئی دہلی کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ مقبوضہ کشمیرکے مظلوم لوگوں پر ظلم و ستم بند کرے، سیاسی رہنماؤوں سمیت آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے تمام کشمیری قیدیوں کو رہا کرے، قابض افواج کو مقبوضہ کشمیر سے نکالا جائے، کشمیریوں کی نسل کشی و قتل و غارت بند کروایا جائے اور این جی اوز اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو جموں و کشمیر آنے کی اجازت دی جائے۔

اس کے علاوہ انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کے معاہدوں اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کروایا جائے۔ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے بھارتی ہتھکنڈوں کو روکنا بھی ضروری ہے۔انھوں نے کہا کہ یونین کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے، مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے بھی کردار ادا کرے، نیز اس تنازعے کے حل کے تمام مراحل میں کشمیریوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں