پولیس رضاکار کی مبینہ طور پر لڑکی کو اغواء کرنے کی کوشش

علاقہ مکینوں نے پولیس رضا کار کی کوشش کو ناکام بنا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 10 مئی 2021 11:09

مظفر گڑھ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 مئی 2021ء) : پولیس شہریوں کے تحفظ کے لیے کام کرتی ہے، پولیس فورس کی ذمہ داری شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کرنا اور ان کو محفوظ محسوس کروانا ہوتا ہے لیکن افسوس کہ پاکستان میں آئے روز ایسے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں جن میں پولیس خود ملوث ہوتی ہے۔ حال ہی میں مظفر گڑھ میں ایک پولیس رضاکار نے لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش کی جسے علاقہ مکینوں نے ناکام بنا دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے پولیس رضاکار نے مبینہ طور پر لڑکی کو اغواء کرنے کی کوشش کی تاہم علاقہ مکینوں نے یہ کوشش ناکام بنادی اور پولیس رضاکار کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ علاقہ مکینوں نے مقامی پولیس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہماری حفاظت پر مامور اہلکار اور پولیس رضاکار ہی ہماری عزتوں پر ہاتھ ڈال رہے ہیں۔

(جاری ہے)

علاقہ مکینوں نے گرفتار کیے جانے والے پولیس رضا کار کو سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ کچھ روز قبل کوئٹہ کے سریاب روڑ پر بلوچستان کی ایگل اسکواڈ پولیس کے عہدیداروں کی مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان طالب علم جاں بحق ہوگیا تھا ۔ جبکہ چند ماہ قبل اسلام آباد میں 21 سالہ طالب علم اسامہ ستی کے قتل پر 5 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا تھا اور اس کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی تھی۔

جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ اسامہ ستی کو پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ کی کرائسس رسپورنس ٹیم (سی آر ٹی) کے عہدیداروں نے قتل کیا۔ پولیس عہدیداروں کا کہنا تھا کہ سی آر ٹی ٹیم ایک ڈرائیور سمیت 5 پویس عہدیداروں پر مشتمل تھی اور اسامہ ستی کی کار پر ڈرائیور کو قابو کرنے کے بجائے مارنے کے لیے فائرنگ کی تھی۔

مظفر گڑھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں