نوشہرہ ، پولیس اور ایکسائز حکام نے اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑی لی

کار کے خفیہ خانوں سے50 جدید رائفل برآمد کرکے اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 مارچ 2021 10:53

نوشہرہ ، پولیس اور ایکسائز حکام نے اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑی لی
نوشہرہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مارچ 2021ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ سے پولیس اور ایکسائز حکام نے اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑی لی۔ تفصیلات کے مطابق بڑی تعداد میں اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی جس کی بروقت اطلاع ملنے پر پولیس اور ایکسائز حکام نے کارروائی عمل میں لاتےہوئے اسلحہ اسمگل کرنےکی کوشش ناکام بنا دی۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے ایکسائز نفری کے ہمراہ رشکئی میں ناکہ بندی کی ہوئی تھی جہاں ایک کار کے خفیہ خانوں سے 50 جدید قسم کی رائفل برآمد کرکے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا جس کو تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

حال ہی میں صوبہ خیبر پختونخوا کے ہی علاقے باجوڑ میں سکیورٹی اداروں نے خفیہ اطلاعات پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاک افغان سرحد کے قریب کارروائی کی گئی ، خفیہ اطلاعات ملنے پر کیے گئے اس کامیاب آپریشن کے دوران سیکڑوں کلو بارودی مواد اور اسلحہ برآمد ہوا۔

بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد بھارتی خفیہ ایجنسی "را " کی ایماء پر تخریب کاری کرنا چاہتے تھے جس کی سکیورٹی اداروں کو اطلاعات ملیں تو اس کے نتیجے میں خفیہ اپریشن کیا گیا جس سے تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرسیکیورٹی فورسزنے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گرد ہلاک کردیے تھے ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ایک کمپاؤنڈ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کمپاؤنڈ کا محاصرہ کیا گیا تاہم کمپاؤنڈ کے محاصرے پردہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی ، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد اغوا برائے تاوان اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے جب کہ دہشت گردوں کے ساتھ ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا اور پاک فوج کے 4 جوان زخمی بھی ہوئے ، دہشت گردوں سے ہونے والے مقابلے میں شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار امین اللہ اورسپائی شیرضامن شامل ہیں۔

نوشہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں